اورکزئی آپریشن:فوجی افسران وجوانوں کی شہادت میں ملوث30فتنہ الخوارج جہنم واصل
سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا،تمام مارے گئ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،شہداء کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا:سکیورٹی حکام
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا بھرپور آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9جوانوں کی شہادت میں ملوث 30دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا اوراس دوران اورکزئی حملے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیاگیا۔ فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام تیس دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد فتنہ الخوارج نامی بھارتی پراکسی تنظیم سے وابستہ تھے اور ملک میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور شہداء کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔