عمران نے ہزاروں طالبان کو پاکستان لا کر بسایا :خواجہ آصف

 عمران  نے ہزاروں طالبان کو پاکستان لا کر بسایا :خواجہ آصف

60لاکھ مہاجرین کی 60سال مہمان نوازی کی ، قیمت اپنے خون سے ادا کر رہے وقت آگیا افغان مہمان اپنے گھروں کو جائیں اور مفت بری، محسن کشی بند کریں

اسلام آباد (دنیا نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے ہزاروں طالبان کو عمران خان نے پاکستان لا کر بسایا اور آج بھی پی ٹی آئی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘‘ایکس’’پر پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا افغان حکومت کے ساتھ سالوں پر محیط مذاکرات اور وفود کے کابل آنے جانے کے باوجود پاکستان میں خونریزی بند نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا سالوں سے ہماری فوج اور عوام کا خون بہایا جا رہا ہے ، روزانہ فوجی جوانوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں، 60 لاکھ افغان مہاجرین کی 60 سال مہمان نوازی کی ، قیمت ہم اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں۔وزیر دفاع نے واضح کرتے ہوئے کہا وقت آگیا ہے افغان مہمان اپنے گھروں کو جائیں اور یہ مفت بری اور محسن کشی بند کریں، یہ کیسے مہمان ہیں جو میزبانوں کا خون بہاتے ہیں اور قاتلوں کو پناہ میسر کرتے ہیں۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا بھارت شاید اب افغانستان کے ذریعے بدلے کی کوشش کررہا ہے ، افغانستان میں بھارت کی سہولت کاری کی جارہی ہے ۔ مذاکرات کی بات سے کسی کو انکار نہیں، مذاکرات سے کوئی حل نکل بھی آئے تو اس کی ضمانت کون دے گا؟۔وزیر دفاع کا کہنا تھا ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن افغان حکومت ضمانت لینے پر تیار نہیں، کالعدم طالبان کے لیڈر کو وہاں بلٹ پروف گاڑی دی گئی، دہشتگردوں کی سہولت کاری کی جارہی ہے کہ وہ نئی پناہ گاہیں بنائیں۔ایک اور ٹویٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا اگرافغانستان سے فتنہ الخوارج پاک سرزمین میں آکر خون بہائیں اس کاحساب لینے کیلئے افغان سرزمین میں داخل ہونا پڑے تووہ ہمارا حق ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں