حکومت نے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لے لی:پیپلزپارٹی

 حکومت نے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لے لی:پیپلزپارٹی

ڈنڈے تھامے جیالوں کا گشت ، سکیورٹی ہم خود دے سکتے ہیں :حسن مرتضیٰ

لاہور (سپیشل رپورٹر )پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لے لی، جیالوں نے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی خود سنبھال لی، جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی لاہور جمیل منج نے جیالوں کیساتھ بلاول ہاؤس کے سامنے گشت کیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی کیلئے ڈنڈے تھام رکھے ہیں۔جمیل منج نے کہا پنجاب حکومت کا بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لینا غلط ہے ،ن لیگ کے اتحادی ہیں اور وفاق میں ن لیگ کی حکومت پیپلز پارٹی کے سہارے ہے ،وزیر اعلیٰ بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس بلانے کا نوٹس لیں۔جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ نے کہا ان سے علی حیدر گیلانی کا ایک گارڈ برداشت نہیں ہوا یہ بلاول ہاؤس کو کیا سکیورٹی دے سکیں گے ، عظمیٰ بخاری پہلے ہمیں کون سی سکیورٹی دیتی تھیں جو اب ہم انکی سکیورٹی پر بیٹھے ہیں، اس وقت ہماری توجہ ملکی سرحدوں پر ہے یہ سکیورٹی لیں یا دیں اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بلاول ہاؤس کی سکیورٹی ہم کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں