افغانستان میں چھوڑا ہوا امریکی اسلحہ ٹی ٹی پی کے زیر استعمال
پاکستان نے امریکی ساختہ 63قسم کا اسلحہ ضبط کیا ،افغان طالبان ٹی ٹی پی کے حمایتی اس اسلحے سے ٹی ٹی پی کی پاکستان مخالف کارروائیوں کو تقویت ملی:امریکی رپورٹ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)امریکی سپیشل انسپکٹر جنرل برائے تعمیر نو افغانستان کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی گئی ، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ ٹی ٹی پی پاکستان مخالف کارروائیوں میں استعمال کررہا ہے ،اس اسلحے سے کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان میں حملے کرنے کی تقویت ملی ہے اور ٹی ٹی پی کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لاجسٹک اور آپریشنل سپورٹ فراہم کررہے ۔حکومت پاکستان نے امریکی ساختہ 63 قسم کا اسلحہ ٹی ٹی پی سے ضبط کیا ۔یہ اسلحہ امریکا کے افغانستان میں چھوڑے گئے اسلحہ سے مماثلت رکھتا ہے ۔امریکا نے 2002 سے 2021 تک افغانستان کی تعمیرِ نو پر144اعشاریہ7ارب ڈالر خرچ کیے ۔ افغانستان میں 20 سالہ مشن استحکام اور جمہوریت لانے میں ناکام رہا ۔اگست 2021 میں افغان حکومت کا تیز رفتار زوال پورے نظام کی کمزوری ظاہر کرتا ہے ۔امریکی اہداف حقیقت سے دور تھے ، زمینی حالات مسلسل بگڑتے رہے ۔90ارب ڈالر کی سکیورٹی امداد کے باوجود افغان فورسز چند دنوں میں بکھر گئیں۔