ٹرمپ کی درخواست مسترد، اسرائیلی صدر کا نیتن یاہو کو معافی دینے سے انکار

ٹرمپ کی درخواست مسترد، اسرائیلی صدر کا نیتن یاہو کو معافی دینے سے انکار

خودمختار ملک ہیں ،قانون کا احترام ہونا چاہیے ،عوام کی بھلائی میری پہلی، دوسری ، تیسری ترجیح:اسرائیلی صدر جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا :اسرائیلی وزیر اعظم،مغربی کنارے اور غزہ میں مزید9فلسطینی شہید

یروشلم،غزہ (اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ کی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو معاف کرنے کی درخواست اسرائیلی صدر نے مسترد کر دی۔ اسرائیلی وزیراعظم پر 5 سال سے بدعنوانی کے مقدمات چل رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اسرائیلی صدر کو خط میں نیتن یاہو پر بدعنوانی کے الزامات کو سیاسی اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے انہیں معاف کرنے کی درخواست کی تھی۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا میں صدر ٹرمپ کی دوستی اور ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں، لیکن اسرائیل ایک خودمختار ملک ہے اور قانونی نظام کا مکمل احترام ہونا چاہیے ۔اسحاق ہرزوگ کا کہنا تھا یہ یقینی طور پر ایک غیر معمولی درخواست ہے ، اسرائیلی عوام کی بھلائی میری پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے جرمن چانسلر فریڈرِک مرز کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل کو یقین ہے فلسطینی ہمسایوں کے ساتھ قابلِ عمل امن کی راہ موجود ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی دو ریاستی حل کی حمایت نہیں کرتے ۔نیتن یاہو کے مطابق ایک فلسطینی ریاست اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے ، اسی لیے اردن سے بحیرہ روم تک سکیورٹی کا مکمل اختیار ہمیشہ اسرائیل کے پاس ہی رہے گا۔ نیتن یاہو نے کہا وہ اس ماہ کے آخر میں امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے جس میں مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا غزہ کے لیے طے شدہ سیزفائر پلان کا دوسرا مرحلہ بہت جلد شروع ہوگا۔پہلے مرحلے میں حماس کے قبضے سے اغوا شدہ افراد کی رہائی مکمل ہو چکی ہے ، اور اب حماس کی مسلح افواج کو ختم کرنا اور غزہ کو غیر مسلح کرنا اگلا ہدف ہے۔

حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے کہا کہ ہمارے ہتھیاروں کا تعلق قبضے اور جارحیت کی موجودگی سے ہے ، اسرائیل قبضہ ختم کرے تو اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہیں۔خلیل الحیہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی ایسی افواج کی تعیناتی قبول کرتے ہیں، جو ایک غیرجانبدار فورس کے طور پر سرحدوں کی نگرانی کرے اور غزہ میں جنگ بندی کی پاسداری کو یقینی بنائے ۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تازہ کارروائیوں میں مزید 7 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، مغربی کنارے کے علاقے الخلیل میں اسرائیلی فائرنگ سے 17 سالہ احمد خلیل الرجابی اور 55 سالہ ضیا جبّارہ ابو داؤد شہید ہو گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں