بلوچستان میں اصلاحات کا تسلسل برقرار رہیگا:سرفراز بگٹی
میرٹ کے فروغ اور بہترسروس ڈلیوری سے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا تعلیمی اداروں کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی خواب تھا جو آج حقیقت بن چکا ـ:خطاب
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اصلاحات کا تسلسل برقراررہے گا ،میرٹ کے فروغ اور سروس ڈلیوری کی بہتری سے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا ،ریاست سے دوری ختم ہوگی اور ایک شفاف و فعال نظامِ حکومت تشکیل پائے گا، ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان میں کوئی شاہراہ احتجاج کے نام پر بند نہیں ہوگی آج یہ وعدہ پورا کر دکھایا ،وعدہ کرتے ہیں کہ میرٹ پر مبنی نظام کو فروغ دیں گے تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق ملے ۔انہوں نے گورنمنٹ گرلز کالج جناح ٹاؤن کوئٹہ میں صوبے کے پہلے سکول ٹرانسپورٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی ایک خواب تھا جو آج حقیقت بن چکا ہے ، حکومت نے لگ بھگ 14 ہزار اساتذہ کو میرٹ پر کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کیا جس کے نتیجے میں 3200 غیر فعال سکول دوبارہ فعال ہوئے اور 94 ہزار بچوں کا داخلہ ممکن ہوا ۔ وزیر اعلی بلوچستان نے سکول ٹرانسپورٹ پروگرام کیلئے سالانہ 79 ملین روپے کے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ پروگرام تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور حکومت اس کیلئے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی ۔