سپیکرز کانفرنس پاکستان کے عالمی وقار کو بلند کریگی، چیئرمین سینیٹ
کانفرنس11اور 12نومبر کو ہوگی، دس ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز شرکت کرینگے
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس برائے امن، سلامتی اور ترقی پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ سپیکرز کانفرنس پاکستان کے عالمی وقار کو بلند کریگی۔کانفرنس میں دس ممالک کے سپیکرز، پندرہ ڈپٹی سپیکرز، سینتیس ارکان پارلیمنٹ اور مختلف بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں کے نمائندگان سمیت 174 مندوبین شرکت کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دو سابق صدور کی شرکت پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار اور پارلیمانی سفارت کاری میں قائدانہ حیثیت کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہمانوں کی میزبانی سینیٹ ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا اعزاز ہے ، جو ملک کے وقار کو عالمی سطح پر بلند کرے گی۔ گیلانی نے کہا کہ یہ تقریب قومی اتحاد، امن اور ترقی کے وژن کی مظہر ہوگی اور پاکستان کی مثبت شبیہ عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔