ترمیم پی ٹی آئی بائیکاٹ کے باوجود بھی منظور ہوگی،تھنک ٹینک

 ترمیم پی ٹی آئی بائیکاٹ کے باوجود بھی منظور ہوگی،تھنک ٹینک

بلدیاتی بل موخر ہوگا، مجیب شامی، آئینی عدالت سے کچھ فرق نہیں پڑیگا، حسن عسکری فضل الرحمن کی زیادہ ضرورت نہیں، سلمان غنی، فائدہ اشرافیہ کو ہوگا، رسو ل بخش

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کا رمجیب الرحمن شامی نے کہا کہ امید ہے 27ویں آئینی ترمیم تھوڑے بہت رد و بدل اور ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ منظور کر لی جائے گی ، کیونکہ پیپلزپارٹی اور برسراقتدار جماعتوں کو آرٹیکل 243 اور آئینی عدالت کے قیام پر کوئی اختلاف نہیں ہے ،صوبوں کے وسائل کی تقسیم اور بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ دینے کا معاملہ ہے ، اس بل کو مؤخر کیا جائے گا۔ تحریک انصاف نے 27ویں آئینی ترمیم کو بغیر دیکھے ہی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا،اگر مشاورت میں شامل رہتے تو بہتر صورتحال ہو سکتی تھی۔

پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا راستہ اختیار کر لیا، امید ہے پی ٹی آئی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی اور اگر بائیکاٹ ختم نہیں بھی کرتے تو ان کے بغیر بھی ترمیم منظور ہو جائے گی۔ معروف تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ 27ویں ترمیم پاس ہو جائے گی، اس ترمیم کا عوام سے کوئی تعلق نہیں،آرٹیکل 243 میں جو تبدیلیاں ہورہی ہیں، فوجی عہدے کی تبدیلی سے کسی عام آدمی کو فرق نہیں پڑے گا، آئینی عدالت کے قیام سے کیسو ں کی تعداد کم ہوجانے والی باتیں بے تکی ہیں،آئینی عدالت بنانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ معروف تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنی حیثیت اور اہمیت قائم رکھتے ہیں لیکن اس بار ان کی زیادہ ضرورت نہیں پڑی ،کیونکہ قومی اسمبلی میں 2تہائی اکثریت حکومت اور ان کے اتحادیوں کے پاس موجود ہے ، لیکن ابھی سینیٹ میں حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا ۔

مولانا فضل الرحمن کبھی گیلی پٹی پر پاؤں نہیں رکھتے ، پہلے ان کا جھکاؤ مسلم لیگ ن کی طرف تھا ، جو اب تبدیل ہو کر پیپلزپارٹی کی طرف ہو گیا ہے ، اب مولاناکی صدر زرداری سے ملاقات ہورہی ہے ۔ فضل الرحمن کے پاس سینیٹ میں 4 مضبوط ووٹ ہیں، ترمیم کی منظوری کے لئے حکومت نے 4 ووٹوں کا بندوبست تو کرنا ہے ۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا کہ یہ جو نظام اس وقت چل رہا ہے ، یہ اشرافیہ کا ہے ،اس میں زہران ممدانی جیسے لوگ نہیں آسکتے ،یہ وہ لوگ ہیں جو آپس میں بیٹھ کرٖفیصلے کررہے ہیں اور آئین میں تبدیلیاں کررہے ہیں،تبدیلیوں سے انہی کو فائدہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں