گندم بیج کی ترسیل میں تاخیر، ربیع سیزن کی بوائی متاثر
بلوچستان کو روزانہ بیج کے 50 ہزار تھیلے درکار، 13 ہزار تک موصول ہوسکے سندھ میں 3.7 ملین میٹرک ٹن ضرورت، 19800 میٹرک ٹن مل سکا
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)گندم کی بوائی کے آغاز پر پنجاب سے دیگر صوبوں تک تصدیق شدہ بیج اور آٹے کی ترسیل میں مسائل سامنے آئے جس کے باعث ربیع سیزن کی بوائی متاثر ہوئی ہے ۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ کے مطابق سیکرٹری زراعت بلوچستان نے بتایا کہ صوبے کے پانچ لاکھ ہیکٹر کے ہدف کے لیے درکار تصدیق شدہ بیج کی فراہمی میں کمی تھی۔ روزانہ 50 ہزار تھیلے درکار ہیں تاہم 29 اکتوبر 2025 تک صرف 12 سے 13 ہزار تھیلے روزانہ موصول ہو رہے تھے ۔پختونخوا کے رامک چیک پوسٹ پر تقریباً 100 ٹرک بیج لے کر پنجاب سے آنے کے باوجود رُکے ہوئے تھے جبکہ دیگر سرحدی چیک پوسٹس پر بھی تاخیر کے واقعات رپورٹ ہوئے ۔ وزارت کے مطابق سندھ میں بیج کی ضرورت کا تخمینہ 3.7 ملین میٹرک ٹن لگایا گیا تاہم 29 اکتوبر تک صرف 19800 میٹرک ٹن مل سکا۔وفاقی سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق امیر محی الدین نے 29 اکتوبر 2025 کو بین الصوبائی سطح پر گندم کے بیج اور آٹے کی ترسیل میں تاخیر کی شکایات موصول ہونے کے بعد صوبائی حکومتوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔ بعد ازاں 5 اور 12 نومبر 2025 کو اس سلسلے میں نظرِ ثانی کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے ۔تمام صوبوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ بیج اور آٹے کی ترسیل کے روزانہ اعداد و شمار وزارت کو فراہم کریں۔