سولر سسٹم :بجلی کا دن کو استعمال رات سے 80فیصد کم ہو گیا
ستمبر میں دن کوبجلی کا استعمال 13 ہزار ،رات کو 23 ہزار میگاواٹ تک رہا
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) ملک بھر میں بجلی صارفین کی شمسی توانائی پر منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کی وجہ سے نیشنل گرڈ کو مسائل کا سامنا ہے ۔ملکی بجلی پیداوار کے پیٹرن میں دن اور رات کے اوقات میں بڑا واضح فرق دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ستمبر میں سولر کے باعث بجلی کے استعمال میں رات کے مقابلے دن میں80فیصد کمی واقع ہو ئی ، روزنا مہ دنیا کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ستمبر کے مہینے میں دن کے اوقات میں بجلی کا استعمال 13ہزار میگاواٹ تک رہا جبکہ رات کے اوقات میں یہ استعمال 23ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ اس کی بڑی وجہ صارفین کا نیشنل گرڈ کو خیر آباد کہہ کر سولر پر منتقل ہونا ہے ۔دن کے اوقات میں صارفین شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرکے استعمال کرتے ہیں تو نیشنل گرڈ سے بجلی کا استعمال کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے بجلی بھی کم پیدا کی جاتی ہے ۔ تاہم رات کے وقت سولر انرجی نہ ہونے کی وجہ سے نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کی جاتی ہے ۔ روزنامہ دنیا کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد 6 ہزار میگاواٹ سے زائد پر پہنچ گئی ہے ۔ وزرات توانائی کے مطابق سولر صارفین سے حکومت کو بجلی کی خریداری فی یونٹ 27 روپے تک پڑتی ہیں ۔