راولپنڈی پولیس کا سرچ آپریشن 76 افغانی زیر حراست ، پشاور میں 5گرفتار
راولپنڈی، پشاور (خبر نگار، نیوز ایجنسیاں) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیے ۔
آپریشنز کے دوران 1375 گھروں، 412 دکانوں اور 28 ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر 1709 سے زائد افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 76 ایسے افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا جو غیر قانونی طور پر مقیم تھے ۔ اس کے علاوہ 4 کباڑ خانوں، 3 بس،ٹرک سٹینڈز اور متعدد کرایہ داروں کے کوائف کی بھی تصدیق کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ کرایہ داری کے کوائف کا اندراج نہ کروانے والے افراد کے خلاف 21 مقدمات درج کئے گئے ، سرچ آپریشنز تھانہ کلر سیداں، روات، گوجر خان، چونترہ، دھمیال، کہوٹہ، جاتلی، صدر بیرونی، پیرودھائی، رتہ امرال، گنجمنڈی، سٹی، وارث خان، بنی، نیوٹاؤن، صادق آباد، صدر واہ، نصیر آباد، سول لائنز، مورگاہ اور کینٹ کے علاقوں میں کئے گئے ۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے غیر قانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے والے 5 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا،ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سمگلنگ سرکل نے افغان شہریوں کوپشاورکے علاقہ دبگڑی میں واقع نجی ہوٹل سے پکڑا، ملزموں علی خان، اجمل، قاسم، احمد اور حمزہ سے افغان دستاویزات اور پاکستانی شناختی کارڈ برآمد کیا گیا، ملزم غیرقانونی راستے سے پاکستان میں داخل ہوئے ، ملزموں نے جعلسازی سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی حاصل کیا ، ملزموں نے انکشاف کیا کہ پاکستانی دستاویزات پر انہوں نے سعودی عرب کا ورک ویزا حاصل کرنا تھا، ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔علاوہ ازیں ایف آئی اے نے جعلی امیگریشن سٹیمپس کے استعمال سے بیرون ملک سفر کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تھائی لینڈ جانے والے ایک مسافر کو فلائٹ سے اتار کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ، ایف آئی اے امیگریشن نے مردان کے عارف خان کو روکاجو فلائٹ ایف زیڈ 354 پر روانہ ہونے کی کوشش کر رہا تھا، اس کے پاس موجود پاسپورٹ میں متعدد جعلی آمد اور روانگی کے سٹیمپس موجود تھیں،ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے پاسپورٹ پر ملائیشین انٹری سٹیمپ بھی جعلی پائی گئی اور امیگریشن سسٹم میں اس کا کوئی متعلقہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔