الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانیکاحکم
انتخابات کرانا سیکرٹری یونین کونسل کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کا بل آئین کے خلاف،محفوظ فیصلہ جاری
اسلام آباد(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ آئین،الیکشن ایکٹ 2017 اور اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت وفاقی دارالحکومت میں انتخابات کرانا سیکرٹری یونین کونسل کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترمیم کا بل2024 آئین پاکستان،الیکشن ایکٹ 2017 اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کی شق 20 سے مطابقت نہیں رکھتا،اس لئے الیکشن پروگرام کو جاری رکھاجائے۔
پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے 12 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان،انتخابی قانون 2017 اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتا ہے جبکہ یہ فیصلہ بھی کرتا ہے کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترمیم کا بل 2024 آئین پاکستان،الیکشن ایکٹ 2017 اور آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 سے مطابقت نہیں رکھتا۔کمیشن انتخابی قانون 2017 اور آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت یہ اختیار رکھتا ہے کہ وہ اپنے افسروں ،عدلیہ،سرکاری افسروں سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں ،ریٹرننگ افسروں اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کا تقرر کرے ۔
سیکرٹری یونین کونسل الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 50 میں شامل سیکرٹری کے معیار پر پورا نہیں اترتا اورالیکشن کمیشن اس کی توثیق نہیں کرتا کہ سیکرٹری یونین کونسل الیکشن کروانے کا مجاز ہے ۔اسی طرح قواعد کے تحت مخصوص نشستوں پر انتخاب کرانے کے کام کے بھی الیکشن کمیشن کی طرف سے تعینات کئے گئے افسر ہی مجاز ہیں۔الیکشن کمیشن اس بات کا بھی پابند نہیں کہ وہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکرٹری یونین کونسل کا تقرر کرے ۔کمیشن نے فیصلے میں ہدایت کی کہ الیکشن پروگرام کو اسی طرح جاری رکھا جائے ۔