ہر جمعہ کو مظاہرے ، حکومت کو نہ گرایا تو ملک ڈوب جائیگا :اچکزئی
سب کچھ بدل گیا ،ان کو یہ موقع نہیں دیں گے کہ ہمارے بچوں کو ماریں تحریک کو اس نہج تک پہنچائیں گے ہر جگہ ذہنی یکجہتی قائم ہو:انٹرویو
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ) حزب اختلاف کے سینئر رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حزب اختلاف کی نئی تحریک کا مقصد موجودہ حکومت کو گرانا ہے ورنہ پاکستان ڈوب جائے گا، ہر جمعہ کو مظاہرے کئے جائیں گے ۔ ایک انٹرویو میں محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وہ ‘آہستہ آہستہ یہ تحریک چلائیں اور اس تحریک کو اس نہج تک پہنچائیں گے کہ گلگت سے کوئٹہ تک، کوئٹہ سے لسبیلہ اورخیبر تک سب جگہ ذہنی یکجہتی قائم ہو۔ ہر جگہ جلسے ہوں گے ، ہر جمعے کو مظاہرے ہوں گے ۔ ہم ان کو یہ موقع نہیں دیں گے کہ ہمارے بچوں کو ماریں۔ اگر انہوں نے کوئی اور راستہ نہیں چھوڑا تو پھر بیٹھ کر اس کا علاج کریں گے ۔ ہم نے اس حکومت کو گرانا ہے ، ورنہ پاکستان ڈوب رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک اقتدار کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ آئین، پارلیمنٹ، پاکستان کی جمہوریت کو بچانے کے لیے ہے ۔ انہوں نے تو سب کچھ بدل دیا۔ طے یہ ہوا تھا کہ پارلیمنٹ بالادست ہوگی، آئین بالادست ہوگا، پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہوگی - لیکن انہوں نے بنیادی ڈھانچہ ہی بدل دیا۔ایک سوال کے جواب میں کہ نئی تحریک ماضی کی تحریکوں سے کتنی مختلف ہوگی؟ کہا سیاسی لوگوں پر یہ الزام لگایا جا سکتا ہے کہ یہ خود غرض ہیں، اپنی بادشاہی کے لیے کر رہے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا۔ ‘دکھ کی بات یہ ہے کہ وہ پارٹیاں بھی (ترمیم) میں شامل ہیں جن کا ہم احترام کرتے ہیں۔ ان کو امید تھی کہ اس تحریک میں جید لوگ بھی آئیں گے ، وکلا بھی آئیں گے ، غریب مزدور بھی آئیں گے ، سول سوسائٹی بھی آئے گی، آپ بھی ہوں گی۔ ان کا الزام تھا کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں رہی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو شہباز شریف اب کسی کے چپڑاسی بن گئے ہیں۔