کالعدم تنظیم کیخلاف دیگر صوبوں میں بھی کارروائی، وفاق سے رابطہ کرینگے : پنجاب حکومت
امن و امان بارے اجلاس،کومبنگ آپریشن مستقل جاری رکھنے کا حکم، وال چاکنگ برداشت نہیں :مریم نواز ٹی ایل پی کے 23ارب 40کروڑ کے اثاثے ، 92اکاؤنٹس منجمد ،90فنانسرز کیخلاف مقدمات :عظمیٰ
لاہور (اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورہ برازیل سے واپسی پر امن و امان کیلئے مزید ہائی الرٹ رہنے ،کومبنگ آپریشن مستقل جاری رکھنے کا حکم دے دیا ،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت گزشتہ روز امن و امان کے حوالے سے منعقد ہ غیرمعمولی اجلاس میں پنجاب حکومت نے دوسرے صوبوں میں بھی کالعدم تنظیم کیخلاف پنجاب جیسی یکساں کارروائی کیلئے وفاقی حکومت سے درخواست کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کے خلاف مواد شیئر کرنے پر 31مقدمات درج کئے جاچکے ،پنجاب میں مساجد اور آئمہ کرام کیلئے 61 ہزار سے زائد فارم تقسیم کئے گئے ،50 ہزار سے زائد آئمہ کرام نے خود رجسٹریشن کر ائی ،پنجاب میں آئمہ کرام کی 82 فیصد رجسٹریشن مکمل ہوگئی ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئمہ کرام کو پریشان نہ کرنے اور احترام کوملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نہیں چاہتے آئمہ کرام چندے کیلئے ہاتھ پھیلائیں، پنجاب کے کسی شہر میں وال چاکنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب حکومت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو صوبہ بھر میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی کے مستقل نفاذ کیلئے موثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ پنجاب حکومت نے عوام کی جانب سے انتہاپسندی اور فتنہ انگیزی کو یکسر مسترد کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پنجاب میں اسلحہ کے حوالے سے ایس او پیز واضح کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے اسلام آباد حملے کے پیش نظر سرویلنس مزید بڑھانے کیلئے ڈرون سرویلنس کی ہدایت کی ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہراسانی کے واقعات کی ڈرون سرویلنس کرنے کا بھی حکم دیا ۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام و بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے بچوں کے ساتھ جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد صرف جرم نہیں انسانیت کیخلاف بغاوت ہے ،بچے میری ریڈ لائن ہیں ، سب کی حفاظت ہمارا فرض ہے ، بچوں کے خلاف جرائم جڑ سے اکھاڑ پھینکے جائیں گے ،پنجاب میں پاکستان کا پہلا ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی قائم کر دیا ہے ۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے اور 92 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں ،اس کے علاوہ کالعدم جماعت کے 90 فنانسرز کے خلاف مقدمات اور نفرت انگیز مواد پھیلانے پر مزید 31 کیسز درج کر دئیے گئے ہیں،کالعدم جماعت سے جدید اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور شیلز کی بڑی تعدادبھی برآمد کر لی گئی ۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب میں 84 فیصد آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا، آئندہ چند دنوں میں 100 فیصد رجسٹریشن مکمل ہو جائے گی ،محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ وفاق المدارس کو بھی آن بورڈ کر لیا ، جلد مدارس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صرف تین ہفتوں میں پنجاب سے 6 ہزار 220 افغان مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا ، یہ ممکن نہیں کہ دہشت گرد پنجاب سے بھاگ کر دوسرے صوبوں میں پناہ لے لیں لہذا معاملے کو وفاقی حکومت اور ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھا جا رہا ہے ، جن لوگوں نے افغان باشندوں کو گھروں میں پناہ دی ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے متعدد اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں 70 سے 90 فیصد تک کمی ہو گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خواتین پر تشدد یا جرائم کے کیسز میں ڈرون سرویلنس کے استعمال کی منظوری دے دی ہے ۔