اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار آمنے سامنے
اسلام آباد(نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ عمارت منتقلی کے معاملے پرہائیکورٹ بار اورڈسٹرکٹ بارآمنے سامنے آگئے، اسلام آبادہائیکورٹ بارکے سیکرٹری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جی ٹین منتقلی کی مخالفت کردی۔۔۔
جبکہ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار نے ہائیکورٹ کی منتقلی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کو خط لکھ دیا، اسلام آبادہائیکورٹ بارکے سیکرٹری منظوراحمدججہ نے دیگرعہدیداروں کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اسلام آبادہائیکورٹ اپنی بلڈنگ میں قائم ہے جو کسی دوسری جگہ منتقل نہیں ہو رہی، ججز کی لڑائیوں میں نہ کل پڑے تھے اور نہ آئندہ پڑیں گے ،ججز نے اپنی نوکریوں کیلئے استعفے دئیے ،لڑائیاں ججز کو خود لڑنی ہیں، ہم ان کے ساتھ نہیں،ابھی مزید استعفے بھی آئیں گے ، استعفے والوں کی جگہ نئے ججز آ جائیں گے ۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ بار کے صدرچودھری نعیم علی گجر اور سیکرٹری عبدالحلیم بوٹو کی جانب سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو لکھے گئے خط میں کہاگیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی سیکٹر جی ٹین ون میں پرانی عمارت منتقلی کے حکومتی فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں اورہائیکورٹ کی منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے وزارت قانون و انصاف، اسلام آباد ہائی کورٹ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔ادھروفاقی آئینی عدالت کے ہائیکورٹ بلڈنگ میں منتقلی کے بعد لاء افسران کے آفس کی نئے وکلاء کمپلیکس منتقلی کا عمل جاری ہے۔