سندھ: 8ارکان قومی اسمبلی کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنیوالا بین الصوبائی گروہ بے نقاب
نوشہرو فیروز، محراب پور(نمائندگان دنیا)8 ارکان قومی اسمبلی کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ بے نقاب ہوگیا، مرکزی ملزم سندھ پولیس نے پنجاب کے ضلع جھنگ سے گرفتار کرلیا، نوشہرو فیروز میں ایم این اے ذوالفقار بیہن کے گھر ڈکیتی کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔۔۔
جے آئی ٹی نے اس کارروائی کے دوران سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھاپے مارے ۔ گرفتار ملزم سے لوٹے گئے 119 تولے طلائی زیورات، 53 لاکھ روپے اور ذوالفقار بیہن کے گھر سے چھینا گیا لائسنس والا پستول برآمد کرلیا گیا۔ ایس ایس پی آفس نوشہرو فیروز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے آئی ٹی کے تین ایس ایس پیز عدیل چانڈیو، شبیر سیٹھار، میر روحل کھوسو نے بتایا کہ ایم این اے کے گھر ڈکیتی کرنے والے بین الصوبائی گروہ کیخلاف پنجاب میں کارروائی کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم عثمان سیال کا تعلق بین الصوبائی جیسل گروہ سے ہے ، جو پنجاب سندھ اورخیبر پختونخوا کے علاقوں میں ڈاکہ زنی کی وارداتیں کرتا تھا، ملزم سے 53 لاکھ روپے ، 119 تولہ سونا اور واردات میں استعمال کار برآمد کی ہے ، گرفتار ملزم سے ایم این اے کا لائسنس والا پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔ ملزم نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں، ملزم کا کہنا تھا کہ ان کا گروہ پہلے بھی پنجاب میں 7 ارکان قومی اسمبلی کے گھر ڈکیتی کرچکا ہے۔