قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر مارا، ضمنی الیکشن میں جیت پر عوام کا شکریہ : مریم نواز

قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر مارا، ضمنی الیکشن میں جیت پر عوام کا شکریہ : مریم نواز

جب پتہ ہوتا ہے الیکشن ہار جانا تب بائیکاٹ کیا جاتا ، یہ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈ م تھا،جیت عوام کے نام کرتی ہوں فیض نہ عمران دار جج تو مقبولیت کی قلعی سب پر کھل گئی، شیلف لائف ختم ہوئی تو بت دھڑام سے گر گیا، تقریب سے خطاب

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں جیت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔قیدی نمبر804کو گھر میں گھس کر مارا ۔صوبائی وزراء اور سیکرٹریز سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جب پتہ ہوتا ہے کہ الیکشن ہار جانا ہے تو تب بائیکاٹ کیا جاتا ہے ۔ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈ م تھا،پنجاب اور کے پی کے عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن)نے اپنی ہی پہلے سے ہاری ہوئی تمام سیٹیں جیتی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ایک بت تخلیق کرکے اسے پوری ریاست نے پاور دی، وہ بت پاش پاش ہوگیا۔ مصنوعی طور پر تیار کردہ بت کی شیلف لائف ختم ہوگئی، مصنوعی بت کو عوام نے رد کیا ہے ۔کہا جاتا تھا سیاسی جماعتیں ترقیاتی کاموں سے نہیں بلکہ بیانیے سے جیتتی ہیں۔ پاکستان کی عوام گواہ ہے کہ بیانیے والی جماعت نے پاکستان کا کیا حال کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیانیہ کسی سچائی پر ہونا چاہیے ،جھوٹ کسی حد تک بولا جا سکتا ہے ، پرفارمنس سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہوسکتا۔ نہ فیض نہ عمران دار جج تو مقبولیت کی قلعی سب پر کھل گئی۔ شیلف لائف ختم ہوئی تو بت دھڑام سے گر گیا۔ حکومتوں کے پاس ترقیاتی کاموں کے علاوہ کوئی بیانیہ نہیں ہوتا۔ جن کے پاس صرف بیانیہ تھا وہ بڑے آرام سے ضمنی الیکشن میں نیچے گر گئے ۔مسلم لیگ (ن)نے مشکل سے مشکل حالات میں بھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ الیکشن کا بائیکاٹ وہی کرتے ہیں جنہیں پتا ہوتا کہ ان کے پاس عوام کو دکھانے کے لئے کچھ نہیں ہے ۔ پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدواروں نے قیدی نمبر 804 کی تصویروں کے ساتھ الیکشن لڑا، یہ منافقت نہیں تو کیا ہے ؟۔ مقبولیت کے دعوے کرنے والے ضمنی الیکشن میں کہیں نظر نہیں آئے۔ سٹیٹ کے سامنے کھڑا ہونا آسان نہیں ہوتا۔ الحمدللہ کے پی کے میں بھی لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کو جتوایا۔

پنجاب میں بائیکاٹ کیا تو کے پی کے میں الیکشن کا بائیکاٹ کیوں نہیں کیا؟کے پی کے میں مشینری ان کی اپنی تھی، اس کے باوجود عبرتناک شکست ہوئی؟۔ ہم نے بدلہ لیا نہ بدلہ لیں گے ، بلکہ بدلے میں تاریخ کے کوڑے دان میں اٹھا کر پھینکیں گے ۔ ایک بزرگ سے موجودہ وزیراعلیٰ کے پی کے نے جوتے کا تسمہ بند کرایا،ویڈیو ریلیز کی ،یہ تذلیل ہے ۔کے پی کے میں کرپشن کے ڈھیر ہیں اور تکیوں کے نیچے سے پیسے نکل رہے ہیں۔ لاہور میں 30ہزار بچوں کو لنچ دیا جارہا، پنجاب بھر میں 40ہزار سپیشل بچوں کو لنچ دے رہے ہیں۔ سموگ پر پچھلے سال کا موازنہ کریں گے تو زمین آسمان کا فرق ہے ۔ بیانیہ اور قیدی نمبر804کو شکست دی، ہری پورمیں ن لیگ نے گھر میں گھس کر مارا۔ سیاسی جدوجہد کرکے میانوالی سے ن لیگ جیتی۔ مریم نواز نے پاکستان کی پہلی شہید خاتون پائلٹ مریم مختیار کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید مریم مختیار پاکستانی قوم کا افتخار ہیں۔ فائٹر پائلٹ مریم مختیار شہید قوم کی بیٹیوں کیلئے باعث فخر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں