اعزازیہ کار ڈ برائے امام مسجد صاحب کی منظوری ،یکم جنوری سے ادائیگی:ہر ماہ آئمہ کرام کی میٹنگ :مریم نواز
فروری تک کارڈ اجرا کی ڈیڈ لائن ، ملک کے مفادات کیخلاف یا مالی جرائم میں ملوث امام کا اعزازیہ بند کر دیا جائیگا غیر قانونی افغانوں کیخلا ف آپریشن جاری رکھاجائے :وزیراعلیٰ، افرادِ باہمت ہمارا فخر ہیں :خصوصی پیغام
لاہور (نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’’وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب‘‘کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ کی یر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے اور فروری2026ء تک اعزازیہ کارڈ کے اجرا کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے یکم جنوری سے آئمہ کرام کو اعزازیہ کی ادائیگی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آئمہ کرایم کو پہلی مرتبہ پے آرڈر دیئے جائیں گے ۔ یکم فروری سے باقاعدہ طور پر ‘‘وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب’’ کے ذریعے ادائیگی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے آئمہ کرام کی مزیدرجسٹریشن کا عمل بھی مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں آئمہ کرام کی رجسٹریشن کے لئے 62994فارم وصول ہوئے اور تصدیق کا عمل جاری ہے ۔ ملک و قوم کے مفادات کے خلاف اور اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث امام مسجد کا اعزازیہ بند کر دیا جائے گا۔ صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے اسسٹنٹ کمشنرزکو ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کرکے میٹنگ کی ہدایت کی اور حساس ایریا میں مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا۔ سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت کاررائی کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لئے ضروری اقدامات اور غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کے خلاف آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔دوسری طرف افرادِ باہمت کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ افرادِ باہمت ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ، افرادِ باہمت بوجھ نہیں،پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہمارے لئے رحمت اور ہمارا فخر ہیں۔پنجاب میں افرادِ باہمت اب ترس نہیں خود داری کے ساتھ اپنا حق لے رہے ہیں۔ ادھر وزیراعلیٰ نے سعودی شہزادہ عبداللہ بن فہد بن عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہارہمدردی و تعزیت بھی کیا ،دریں اثنا راجن پور میں نومولودہ بچے پر آوارہ کتے کے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے بچے کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور ڈپٹی کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔