5 سال کیلئے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات
فیلڈمارشل عاصم منیر 2030تک تینوں افواج کے سربراہ ،ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی مدت ملازمت میں 2028تک توسیع،وزیراعظم نے سمری منظور کر کے بھجوائی، صدرزرداری کے دستخط ،نیک تمناؤں کا اظہار چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیرکا اعزازی شمشیر سے کیریئر کا آغاز،اہم عہدوں پر رہے ، تعیناتی عصری و جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ، دفاع مزید بہتر ہو گا،ایئرچیف کی قیادت میں فضائیہ نے دشمن پر دھاک بٹھائی:شہباز شریف
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نامہ نگار،دنیا نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر 5سال کیلئے آرمی چیف اور ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہوگئے ،صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے منظوری کے بعد بھیجی گئی سمری منظورکی، اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے چیف آف آرمی سٹاف کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز 5سال تقرری کی منظوری دی۔ صدرمملکت نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد سدھو کی مدت ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی بھی منظوری دی،ایئر چیف کی توسیع شدہ مدت ملازمت 19مارچ2026سے شروع ہوگی یوں وہ 2028 تک عہدے پر برقرار رہیں گے ۔صدر مملکت نے چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز کی کامیاب مدت ملازمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے ، یہ تعیناتی پانچ سال کے لیے ہے اور وہ 2030تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے ۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا سب ٹھیک ہے ، سب آپ کے سامنے ہیں، چیزیں بہتری کی طرف جارہی ، پاکستان یہاں سے اب اونچی اڑان کی طرف جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی عصری اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے ، ملک کا دفاع مزید بہتر ہو گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق میں شاندار کامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا اور پاکستان کو عزت ملی۔
وزیراعظم نے چیف آف ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظہیر احمد بابر کی قیادت میں پاکستان فضائیہ نے معرکہ حق میں شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے جنگی ہوائی جہاز تباہ کئے اور دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔پاکستان کے دفاع، ترقی و خوشحالی کے لئے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے ۔ملک کے دفاع کو مل کر ناقابل تسخیر بنائیں گے ۔خیال رہے فیلڈ مارشل ،آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر دوران ملازمت شاندار کردار اور پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل فوجی افسر رہے، انہیں نومبر 2022 میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا، جبکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرمی چیف سمیت ایئر چیف اور نیول چیف کی تعیناتی کا عرصہ 3 سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دیا گیا، سید عاصم منیر کی قیادت میں مئی کے معرکے میں جب پاکستان نے بھارت کو بدترین اور تاریخی شکست سے دو چار کیا تو ان کو فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازا گیا، اب 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد انہیں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر 2030 تک تعینات کیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 1986 میں ایس ٹی ایس منگلا سے فوجی کیریئر کا آغاز کیا اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا،انہیں بطور کیڈٹ بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا،ان کی ملٹری تعلیم و تربیت میں مختلف اہم ادارے شامل رہے جن میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، ملائشیا کا آرمڈ فورسز کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں، وہ سعودی عرب میں فوجی اتاشی بھی تعینات رہے اور یہیں انہوں نے قرآنِ کریم حفظ کیا ،اپنے فوجی کیریئر کے دوران سید عاصم منیر نے مختلف حساس اور کلیدی عہدوں پر خدمات سر انجام دیں، وہ 2016 سے 2018 تک ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس رہے اور 25اکتوبر 2018 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات ہوئے تاہم یہ عہدہ ان کے پاس مختصر مدت کے لیے رہا،وہ اس عہدے پر 16 جون 2019 تک رہے ، انہیں 17 جون 2019 کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیاگیا جہاں انہوں نے 6 اکتوبر 2021 تک خدمات سر انجام دیں ، انہوں نے کوارٹر ماسٹر جنرل کے عہدے پر 6 اکتوبر 2021 سے 28 نومبر2022 تک خدمات سر انجام دیں، انہیں 29نومبر 2022 کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا۔