پنجاب اسمبلی : حکومت دوسرے روز بھی کورم پورا کرنے میں ناکام، یہ قومی خزانے سے ظلم : سپیکر

پنجاب اسمبلی : حکومت دوسرے روز بھی کورم پورا کرنے میں ناکام، یہ قومی خزانے سے ظلم : سپیکر

چار گھنٹے اجلاس لیٹ شروع کرایا پھر بھی مکمل نہیں ،انا للہ وانا الیہ راجعون، 5 کروڑ اجلاس کا خرچ:سپیکر ملک احمد ہم بچے نہیں جو ادھر بیٹھے رہیں:رانا آفتاب ،پرائیویٹ سکولوں کی فیسیں50 فیصد کم کرنے جا رہے ہیں:وزیر تعلیم

لاہور(سیاسی نمائندہ) پنجاب اسمبلی میں دوسرے روز بھی کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج جمعہ تک ملتوی کر دیا ۔ اپوزیشن نے بات کی تو سپیکر ملک محمد احمد خان کورم کو لے کر حکومتی بنچوں سے نالاں نظر آئے اور کہا ایک نشست پر 5 کروڑ روپے کا خرچ آتا ہے اور ارکان کی دلچسپی کی حالت یہ ہے کہ کوئی ایوان میں نہیں آتا۔پنجاب اسمبلی کااجلاس گزشتہ روز بھی 2 گھنٹے 48منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمداحمد خان کی زیرصدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس جلد اور وقت پر شروع کیا جائے ،ہم کوئی تیسری کلاس کے سکول کے بچے ہیں جو ادھر بیٹھے رہیں،کوئی وزیر یا پارلیمانی سیکرٹری ایوان میں ہی موجود نہیں، یہ ایوان چلانے کا کوئی طریقہ نہیں ۔ جواب میں وزیر قانون رانا محمد اقبال نے کہا کہ تھوڑا وقت دیدیں، شاید ہمارے دور سے آنے والے ساتھی پہنچ جائیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا یہ اجلاس حکومت نے بلایا ہے ، انہیں اپنے ارکان کی حاضری یقینی بنانا چا ہئے ، یہ قومی خزانے سے ظلم ہے ،ارکان اسمبلی کی تنخواہیں چھ چھ سات سات لاکھ روپے ہے ، درخواست کرتا ہوں کہ عوام کا اور قومی خزانہ کا ہی خیال کر لیں، 5 کروڑ روپے ایک اجلاس پر خرچ آ رہا ہے ،کچھ خیال کریں۔اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر صوبائی اسمبلی ممبر جیل کی انسپکشن کرسکتا ہے ،لیکن ہمیں ہمارے لیڈر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی،ہمیں درخواست دینے کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں، وزیر قانون ادھر موجود ہیں وہ وضاحت کردیں۔ محکمہ سکول و ہائر ایجوکیشن سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن رکن سردار محمد علی خان نے محکمہ تعلیم کی پالیسی پر تنقیدکی،ان کاکہنا تھا کہ اچھا کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی سپرمین نہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ میں سپرمین نہیں، اپنی جانب سے محکمہ تعلیم میں بہتر ی کی کوشش کررہا ہوں،تعلیم میں سیاست نہیں ہونی چاہئے ،23 لاکھ 50ہزار بچے سرکاری سکولوں میں داخل ہوئے ،ہم نے سرکاری سکول بند نہیں کئے ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے مل کر پرائیویٹ سکولوں کی فیسیں 25سے 50 فیصد کم کرنے جا رہے ہیں۔

صلاح الدین کھوسہ نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے آبادی سے متعلق سوال کیا، تاہم سپیکر پنجاب اسمبلی نے حکومتی رکن کو آبادی سے متعلق سوال کرنے سے روک دیا۔ صلاح الدین کھوسہ کا کہنا تھا کہ رانا سکندر حیات اگر محکمہ آبادی کے سوال کا جواب نہیں دے سکتے تو پھر آبادی ایسے ہی بڑھتی رہے گی۔ صلاح الدین کھوسہ کے جواب پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سپیکر ملک محمد احمد خان مسکراتے رہے ۔ اپوزیشن رکن شیخ امتیاز نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی، کورم پورا نہ ہونے پرسپیکر نے پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا۔حکومت کو دوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی میں کورم کی وجہ سے سبکی کا سامنا رہا ،حکومت ایوان میں کورم پورا کرنے میں پھر ناکام رہی، جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس آج5 دسمبر دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا ۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ چار گھنٹے اجلاس لیٹ شروع کرایا لیکن پھر بھی کورم پورا نہیں ہوا،انا للہ وانا الیہ راجعون۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں