سپہ سالار کو بدنام کرنے والے نالی کے کیڑے ہیں : واوڈا

سپہ سالار کو بدنام کرنے والے نالی کے کیڑے ہیں : واوڈا

جس انداز میں پی ٹی آئی کی طرف سے بیان بازی ہو گی ویسا ہی جواب ملے گا احتجاج بھی ہوگا، ہم عدالت بھی جائیں گے :علی محمد، دنیا مہر بخاری کیساتھ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے اللہ کی مہربانی سے نوٹی فکیشن ہوگیا ،پاکستانی قوم کو مبارک ہو،میں نے پہلے کہا تھاکہ سہیل آفریدی کی ملاقات نہیں ہوگی،یہ میری بات سچی ہوئی،یہ اچھا ہوا کہ کوئی ہلڑبازی نہیں ہوئی،آرام سے چلے گئے ۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک جو دشمن ہیں، گٹر کی نالی کے کیڑے ہیں جو اپنی افواج اوراپنے سپہ سالار کو بدنام کرتے ہیں، اس سے متعلق کچھ سوالات ہیں اس کا جواب آنے والے دنوں میں ریاست دے گی تاکہ سب کو ایک دفعہ سکون ہوجائے اور پاکستان ترقی کی راہ پر چل پڑے ،ان لوگوں کو قابو کرنے کیلئے ہمارے پاس لگام ہے ،میں ان کی بات کررہا ہوں،ان میں صحافی عمران ریاض ہے ،ڈرامے بازی، گالم گلوچ، جھگڑا، مارکٹائی اب نہیں برداشت کی جائے گی، جس انداز میں پی ٹی آئی کی طرف سے بیان بازی کی جائے گی ویسا ہی جواب ملے گا۔

ہم تو چاہتے ہیں کہ یہ لوگ سیاست کریں اور راستہ بنائیں۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ہمیشہ سیاسی طریقے ہی اپنائے جانے چاہئیں ۔بہنوں کا حق ہے کہ وہ خیریت دریافت کرنے کے لیے ملاقات کریں،اگر ملاقات میں سیاست ہوئی تو پھر کوئی گنجائش نہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ احتجاج کرناسب جماعتوں کو حق ہے ،اسی ہفتے ہمارے اراکین اسمبلی سارے احتجاج کیلئے نکلے ، وہ ہائی کورٹ بھی آئے ،وہ اڈٰیالہ بھی گئے ،احتجاج بھی ہوگا، ہم عدالت بھی جائیں گے ،قومی اسمبلی، سینیٹ، صوبائی اسمبلیوں میں بھی آواز اٹھائیں گے ، خاموش ہم کسی صورت نہیں بیٹھیں گے ،پاکستان کی بہت بڑی جماعت کو دیوار سے لگانا یہ سمجھو یہ لوگ ملک چلانے میں سنجیدہ نہیں ،بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹ کے حوالے سے علی محمد خان نے کہا کہ ہر چیز کا ایک ری ایکشن آتا ہے ،جب آپ ظلم کرتے ہیں تواس کا ری ایکشن ضرور آتا ہے ، ایک ماہ تک عمران خان کو دنیا سے الگ کردیا گیا، پھر آپ کہتے ہو کہ وہ ری ایکشن نہ دے ؟،میں واضح بتادوں کہ ہم اور ہماری جماعت کبھی بھی اپنے اداروں کے خلاف نہیں رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں