موسم سر د ، ایوان کا ماحول گرم ،پی ٹی آئی کی احتجاج کی روش برقرار
کورم نشاندہی پر ڈپٹی چیئرمین کوسخت رولنگ دینا پڑی،ایوان کا ماحول تلخ رہا
اسلام آباد (سید قیصر شاہ)ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی نے معمولی معمولی بات پر کورم کی نشاندہی کی روش نہ چھوڑی اور نعرہ بازی و احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ، اس بار ڈپٹی چیئرمین نے بھی سخت رولنگ دے دی اور پی ٹی آئی کی خاتون سینیٹر کا مائیک بند کرنے سمیت ایوان میں داخلے پر پابندی کی رولنگ دے دی۔اجلاس میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کے مابین تلخ کلامی بھی ہوگئی اور ایک بار پھر ماحول تلخ ہوگیا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز کی جانب سے ایک بار پھر سے ایوان میں نعرہ بازی اور شور شرابے کا سلسلہ جاری ہے ۔سرد موسم کے باوجود ایوان کا ماحول گرم اور درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے اور یوں دکھائی دیتا ہے کہ جیسے پی ٹی آئی کی جانب سے سیاسی گولہ باری ایوان کی حد تک ہی ہو کر رہ گئی اور باہر کے سیاسی معاملات بھی ایوان میں لائے جانے لگے ہیں۔ اپوزیشن اور حکومتی ممبران ایک دوسرے کی بات اور مؤقف تک سننے کو تیار نہیں اور نعرہ بازی کرکے ماحول کو گرما دیا جاتا ہے۔