پوسٹل لائف انشورنس کے 8165 ملین کے کلیم واجب الادا
تمام بیمہ داروں کو رواں سال کے آخر تک رقم ادا کردی جائے گی، وزیر مواصلات بروقت کلیمز کی عدم ادائیگی پر مزید 5فیصد ادا کئے جائینگے ، سینیٹ وقفہ سوالات
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وزارت مواصلات نے ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں بتایا کہ پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے 33 ہزار 830بیمہ داروں کے 8165 ملین روپے کے کلیم واجب الادا ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے کہا کہ پوسٹل لائف کے تمام بیمہ داروں کو رقومات کی عدم ادائیگی حکومت کی نااہلی ہے ،تمام بیمہ داروں کو رواں سال کے آخر تک رقم ادا کردی جائے گی۔ سینیٹر دنیش کمار نے کہاکہ وفاقی وزیر کو داد دیتا ہوں کہ جس نے حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام انشورنس پالیسیاں ری انشورنس ہوتی ہیں تو اس کے کلیمز کیوں نہیں دئیے گئے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم تمام کلیمز ادا کریں گے ۔بروقت کلیمز کی عدم ادائیگی پر مزید 5فیصد ادا کئے جائیں گے۔