پاکستان پوسٹ کا 16 سال بعد الائونسز کی ریکوری کا فیصلہ

 پاکستان پوسٹ کا 16 سال بعد الائونسز کی ریکوری کا فیصلہ

تمام دفاتر سے مستفید ملازمین، ریٹائرڈ عملے اور بقایاجات کی فہرستیں طلب 2004سے اب تک د ئیے گئے 5کروڑ کے الائونسز پر آڈیٹر جنرل کا اعتراض

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) پاکستان پوسٹ نے گریڈ 1سے 16تک کے ملازمین کو گزشتہ برسوں میں د ئیے گئے تین الائونسز کی مد میں پانچ کروڑ روپے سے زائد رقم کی ریکوری کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ یہ رقم 2004سے اب تک د ئیے گئے الائونسز میں اضافے اور ایک نئے الائونس کی منظوری سے متعلق ہے ، جس پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے اعتراض اٹھایا تھا۔مراسلے کے مطابق پوسٹل آپریشنل الائونس میں 200 روپے ماہانہ اور گریڈ 6 کے کمپنسٹری الائونس میں 150 روپے ماہانہ اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ گریڈ 1 تا 15 کے ملازمین کیلئے گُڈ پرفارمنس الائونس 115 روپے ماہانہ متعارف کرایا گیا تھا۔

آڈیٹر جنرل کا مؤقف ہے کہ یہ اضا فہ اور نیا الائونس منظورشدہ قواعد کے مطابق نہیں اس لئے پوری رقم کی ریکوری کی جائے ۔ جس پر پاکستان پوسٹ ہیڈ کوارٹر زنے ملک بھر کے دفاتر سے ان الائونسز سے فائدہ اٹھانے والے ملازمین کی تعداد، دی گئی رقم، ریٹائرڈ عملے کی فہرست، بقایاجات اور ریکوری کے قابل مجموعی رقم کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لی ہیں،ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان سے ریکوری فیصلے اور آڈیٹر جنرل کے اعتراضات پر مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے جواب نہیں دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں