ٹرانسپورٹ ہڑتال سے قبل نیا آرڈیننس واپس لیا جائے : لاہور چیمبر

 ٹرانسپورٹ ہڑتال سے قبل نیا آرڈیننس واپس لیا جائے : لاہور چیمبر

اصل مقصد جرمانہ نہیں ریونیو جمع کرنا، جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا، ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی نئی اصلاحات سے معیشت کا پہیہ رک رہا ، ٹرانسپورٹرز کے مطالبات سنے جائیں:فہیم سہگل

لاہور(کامرس رپورٹر)ٹریفک آرڈیننس2025 ، بے جا چالانوں کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 8 دسمبر کی پہیہ جام ہڑتال کے معاملے پر لاہور چیمبر آف کامرس اور پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ صدر لاہور چیمبرفہیم الرحمن سہگل کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر آف کامرس ہر قدم پرٹرانسپورٹرز کیساتھ ہے ،حکومت ٹرانسپورٹرز کی 8 دسمبر کی ہڑتال سے قبل نئے آرڈیننس پر نظر ثانی کرکے اسے واپس لے ۔ نئی حکومتی اصلاحات کی وجہ سے معیشت کا پہیہ رک رہا ہے،حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس سے قبل معاملات مزید الجھ جائیں حکومت ٹرانسپورٹرز کے مطالبات سن کر حل کرے۔

پاکستان متحدہ ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں چیئرمین ٹرانسپورٹ و ممبر ایگزیکٹو کمیٹی لاہور چیمبر ریاض تاجک، صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ طارق نبیل، صدر پبلک ٹرانسپورٹ حاجی خالد ودیگر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم سب کو متحد رہنا ہے ، تمام اختلافات بھلاکر ٹرانسپورٹ کاز کیلئے جدوجہد کرنی ہے ،حکومت کا اپنا ٹرانسپورٹ ادارہ اپنے ہی بنائے ہوئے روٹ کو جعلی قرار دے دیتا ہے ، افسراپنے ہاتھوں سے پر مٹ بناتے ہیں اور پھر اس کو قبول نہیں کرتے ،فیس آن لائن جمع کراکے روٹ حاصل کیا جاتا ہے ،موٹروہیکل آرڈیننس2025کے تحت سڑک پر کھڑی اتھارٹی خود کو جج سمجھ لیتی ہے ، جتنا مرضی جو مرضی وائلیشن لگاکر جرمانہ کردیا جاتا ہے ،ان کا اصل مقصد جرمانہ نہیں ریونیو جمع کرنا ہے ،ہماری جیبوں پر ڈاکے ڈالے جارہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں