ترقیاتی منصوبوں پر پنجاب حکومت ، پیپلز پارٹی ایک پیج پر : گورنر

 ترقیاتی منصوبوں پر پنجاب حکومت ، پیپلز پارٹی ایک پیج پر : گورنر

پیپلزپارٹی پورے پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے پرعزم بلاول عوامی مینڈیٹ سے ملک کے آنے والے وزیراعظم ہوں گے :ننکانہ میں گفتگو

 لاہور(سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عوامی ترقیاتی منصوبوں پر پنجاب حکومت اور پیپلز پارٹی ایک پیج پر ہے ،عوام خوشحال ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، عوام کے بنیادی مسائل کا حل بلدیاتی انتخابات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد سے اسلام آباد جاتے ہوئے ننکانہ کے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ننکانہ کے عوام بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ووٹ ڈال کر کامیاب کروائیں، پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر ننکانہ صاحب کے مسائل کو فوری حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے ملک کے آنے والے وزیراعظم ہوں گے،  پیپلزپارٹی پورے پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے ، گورنر ہائوس کو بھی عوامی گورنر ہائوس بنا دیا گیا ہے ۔گورنرپنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے تمام شہریوں کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔اس سے قبل شہریوں کی کثیر تعداد نے گورنر کا راستہ روک لیا۔اتنی بڑی تعداد دیکھ کر گورنر گاڑی سے نیچے اترآئے اور ان میں گھل مل گئے ۔ لوگوں نے عوامی گورنر کے نعرے لگائے اور انہیں ننکانہ شہر سے متعلق درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سلیم حیدر نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں