سیلاب :حافظ نعیم کا سری لنکن ہائی کمشنر کو خط، تعاون کی پیشکش

سیلاب :حافظ نعیم کا سری لنکن ہائی کمشنر کو خط، تعاون کی پیشکش

سیلاب سے تباہی دل خراش ، سری لنکا حکومت، عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں رضاکار متحرک ،امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا:امیر جماعت اسلامی کے تعزیتی خط

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے سری لنکا میں حالیہ شدید سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں تعینات سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سینا وِرَتنے کے نام تعزیتی خط ارسال کیا، جس میں انہیں تعاون کی پیشکش کی ہے ۔حافظ نعیم نے اپنے خط میں کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان سری لنکا حکومت اور عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ سری لنکا میں سیلاب سے ہونیوالی تباہی دل خراش ہے ۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو جلد بحالی کی طاقت عطا فرمائے۔

انہوں نے ہائی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی اور اس  کا فلاحی ادارہ الخدمت فاؤنڈیشن سری لنکن عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، الخدمت نے اپنے رضاکاروں کو متحرک ، فوری امدادی سرگرمیوں کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔ہم ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں ۔ چاہے وہ ہنگامی امداد ہو، طبی سہولیات ہوں یا متاثرہ علاقوں کی بحالی کا عمل ہو۔ جماعت اسلامی متعلقہ حکام اور سری لنکن مشن کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ نعیم الرحمٰن نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا اس آزمائش سے جلد نکل آئے گا اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں