پاکستان کا برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ

پاکستان کا برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ

محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر کوسرکاری کاغذات، قانونی دستاویزات دیدیں بیرون ملک بیٹھ کر بہتان تراشی کی کوئی ملک اجازت نہیں دے سکتا : وزیر داخلہ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی فوری حوالگی کا مطالبہ کردیا اوراس حوالے سے برطانیہ کو ٹھوس شواہد فراہم کردئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ سے مطلوب ملزموں سابق وفاقی وزیراور سابق مشیر وزیراعظم شہزاد اکبر اورمیجر (ر)عادل راجہ کی فوری حوالگی کا باضابطہ مطالبہ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ہونے والی ایک ہنگامی اور اہم ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی سے متعلق سرکاری کاغذات اور قانونی دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کئے ۔

محسن نقوی نے دونوں افراد کی جانب سے کئے جانے والے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے ٹھوس شواہدبھی پیش کئے اور واضح کیا کہ یہ دونوں افراد پاکستان کے قانون کو مطلوب ہیں، لہذا انہیں فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے ۔محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن اس وقت ہر ملک کیلئے سکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور قومی اداروں کے خلاف بہتان تراشی اور ہرزہ سرائی کی اجازت دنیا کا کوئی بھی ملک نہیں دے سکتا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ ان عناصر کی واپسی کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا،وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزارتِ داخلہ نے وزارتِ خارجہ کے ذریعے بھی حوالگی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی واپسی اور پاک برطانیہ سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں