سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں : وفاقی وزرا

سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں : وفاقی وزرا

بانی پی ٹی آئی ہفتے میں ایک خط اور ایک ملاقات کرسکتے ہیں : اعظم نذیر تارڑ ملکی تاریخ میں کسی قیدی کو بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات میسر نہیں : عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزرا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل ملاقاتوں کے معاملے پر سخت مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سزا یافتہ مجرم ہیں اور ان کی ملاقاتیں جیل مینوئل کے قواعد و ضوابط کے تحت ہی ہو سکتی ہیں، جو دہائیوں سے موجود ہیں،سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں ہوسکتا۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی ہفتے میں ایک خط اور ایک ملاقات کرسکتے ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں ہوتا، جہاں قانونی کارروائی کی ضرورت ہو وہاں ملکی قوانین کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔

ملاقاتیں رول 265 کے تحت ہفتے میں ایک بار اور زیادہ سے زیادہ چھ افراد تک محدود ہیں، جبکہ قیدی کو سیاسی گفتگو کرنے یا ملاقات میں ہونے والی بات کو پبلک کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ قیدی کی ملاقاتیں نگرانی کے بغیر نہیں ہو سکتیں، اور سپرنٹنڈنٹ کے پاس رول 557 کے تحت امن و امان یا نقص امن کے خدشے کی صورت میں ملاقات روکنے کا اختیار ہے ۔انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی میں تاخیر کو چائے کی پیالی میں طوفان قرار دیتے ہوئے کہا وزیراعظم کی ملک میں عدم موجودگی کی وجہ سے نوٹیفکیشن میں تاخیر ہوئی، 2024ء کی ترامیم کے تحت میعاد عہدہ تین سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی تھی اور نئی سکیم آف لاء میں چیف آف ڈیفنس فورسز کے ساتھ آرمی چیف کے ایک ہی نوٹیفکیشن کی گنجائش ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا رولز میں کسی قیدی سے سیاسی گفتگو کی گنجائش نہیں ہے ، بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ میگا کرپشن کیس میں سزایافتہ قیدی ہیں،پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے انڈین میڈیا اور افغان میڈیا پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان خطرے میں ہے ۔پی ٹی آئی کے آدھے اکائونٹس انڈیا اور آدھے اکاؤنٹس افغانستان سے چل رہے ہیں۔ملکی تاریخ میں کسی قیدی کو بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات میسر نہیں،کسی قیدی کو قید میں بائیسکل نہیں ملی،انہوں نے منہ پر ہاتھ پھیر کر کہا تھا کہ میں اے سی اتروائوں گا، پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے انٹرنیشنل میڈیا میں یہ پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کو کور کمانڈر ہائوس لاہور کے باہر موجود تھیں، ان کی موجودگی وہاں ثابت ہے ،رولز میں کسی قیدی سے سیاسی گفتگو کی گنجائش نہیں ہے ،رپورٹ ہوا ہے کہ سیاسی گفتگو ہوئی ہے ، عظمیٰ خان کی ملاقات بند ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آج این ایف سی کی میٹنگ میں آئے ہیں جو خوش آئند ہے ، یہی ان کا اصل کام ہے ،انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے بہت اچھا کام کیا کہ وہ سڑک سے اٹھ کر کمروں میں آ کر میٹنگز کر رہے ہیں،ایپکس کمیٹی کی میٹنگ جب بلائی جاتی ہے تو وہ اس میں شرکت کر کے اپنا کردار ادا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں