سندھ حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ،وفاقی وزیر صحت
کراچی (سٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے سندھ کی صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو سے کراچی میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔
جس میں جناح اسپتال میں کام کرنے والے عملے نیز وفاقی اور صوبائی وزارت صحت کے درمیان طویل عرصے سے زیر بحث پیچیدہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس مسئلے کو افہام و تفہیم اور بھرپور تعاون کی روش اپناتے ہوئے پرامن اور تعمیری انداز میں حل کریں گی۔ دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسپتال کے ملازمین کے مسائل کو ترجیح دی جائے گی اور ساتھ ہی ہیلتھ منسٹری کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی بنائی جائے گی۔مصطفی ٰ کمال نے عذرا پیچوہو کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل، صلاحیتیں اور کردار بروئے کار لاتے ہوئے صحت کے شعبے میں استحکام اور عوامی فلاح کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو طبی سہولیات بہتر طریقے سے فراہم کی جا سکیں اور اس ضمن میں صوبائی حکومت سے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔