ملک اس وقت افراتفری کے ماحول سے گزر رہا ، صدرالدین راشدی
کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر سید صدرالدین شاہ راشدی نے ملکی سیاسی صورتحال ، عوامی حقوق ، صوبائی خودمختیاری اور موجودہ نظام کی خرابیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہمارے بزرگ بیٹھک لگایا کرتے تھے تب بھی سیاست ہوتی تھی۔
مگر وہ سیاست اصولوں ، کردار اور شرافت کی بنیاد پر چلتی تھی، آج صورتحال بالکل مختلف ہے ، وہ لوگ جن کے گھروں سے سیاست کا آغاز ہوا تھا وہ ایوانوں سے باہر کر دیے گئے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت افراتفری کے ماحول سے گزر رہا ہے اور اس بگڑی ہوئی صورتحال کو سدھارنے کے لیے عوام کو خود فیصلہ کرنا ہوگا، یہ ملک ان لوگوں کا نہیں جنہیں انگریزوں نے چابیاں تھمائی تھیں، بلکہ یہ خالصتاً عوام کا ملک ہے ، اب عوام کو بھی اپنی آواز بلند کرنا ہوگی تاکہ حکمرانوں کی توجہ ان پر مرکوز ہوسکے ،عوام کے طوفان میں اس وقت خاموشی ہے مگر جب یہ خاموشی ٹوٹے گی تو وہ لوگ جو دوسروں کے اشاروں پر جال بچھاتے ہیں سخت مشکل میں گرفتار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کسی قیمت پر آسانی سے نہیں ملتی، فلسطین اور کشمیر کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جو آج بھی جدوجہد میں مصروف ہیں۔