چاروں صوبوں کو انتظامی بنیاد پر تقسیم کیا جائے :علیم خان
پنجاب کے 4 حصے ،فیصل آباد مغربی پنجاب کا ہیڈکوارٹر ہونی چاہئے فوج ملک کی آزادی اور خودمختاری کی ضمانت :وفاقی وزیر کی گفتگو
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کے قیام کے حق میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو چار مرکزی حصوں میں تقسیم کرکے مغربی پنجاب کا ہیڈکوارٹر فیصل آباد بنایا جائے ۔عبدالعلیم خان نے یہ بات صدر استحکام پاکستان پارٹی ویسٹ پنجاب چودھری ظہیرالدین کی دعوت پر فیصل آباد میں منعقدہ پارٹی اجلاس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ چاروں صوبوں کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کیا جائے ، تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز کے قریب انصاف اور حقوق مل سکیں۔انہوں نے امریکہ، روس، آذربائیجان، افغانستان، مصر اور ترکی کے صوبائی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں 34، ترکی میں 81، امریکا میں 50 اور روس میں 85 صوبے ہیں۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج ملک کی آزادی اور خودمختاری کی ضمانت ہے اور حکومتیں اور عہدے بدلتے رہتے ہیں، مگر ملک کی سلامتی سب سے اہم ہے ۔ انہوں نے فیصل آباد کی عدالتی سہولیات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہر بڑا ہونے کے باوجود یہاں ہائی کورٹ بینچ موجود نہیں ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو دور دراز مقامات تک جانا پڑتا ہے اور انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔