عمران چاہتے ہیں لوگ باہر نکلیں، گرفتاریاں دیں :نجم سیٹھی
بانی پی ٹی آئی تو قربانی کیلئے تیار ہیں لیکن کوئی اور نہیں :معروف تجزیہ کار جلسہ میں سہیل آفریدی محتاط لگے :آج کی بات سیٹھی کے ساتھ میں گفتگو
لاہور (دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر دو قسم کی سوچ پائی جاتی ہے ، ایک یہ کہ ایسی کوئی بات نہیں کرنی چاہیے جس سے سارے دروازے بند ہو جائیں ، دوسرے یہ کہ عمران خان کی طرح ہارڈ لائن لینی چاہئے ، عمران خان چاہتے ہیں لوگ باہر نکلیں اورگرفتاریاں دیں ، ایسا کوئی نہیں کرے گا ،کل کے جلسے میں ان کی مین لیڈر شپ ہی نہیں پہنچی ،پشاور جلسہ میں ایسے لگا سہیل آفریدی بھی محتاط ہو گئے ، پی ٹی آئی اس وقت بڑے مخمصے میں ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان تو قربانی کیلئے تیار ہیں لیکن کوئی اور اس کیلئے تیار نہیں ۔ دنیا نیوز کے پروگرام‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’کی میزبان عائشہ ناز کے ساتھ گفتگو میں نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ کوئی خان کو کہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا جیسے آپ کہہ رہے ہیں ، ملاقات میں جو پیغام ملتا ہے وہ باہر آ کر دے دیتے ہیں ، جتنی سختی کی جا رہی ہے اب تو ان کا کے پی کے سے باہر نکلنا مشکل ہو جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں معروف تجزیہ کار نے کہا کہ روسی صدر بھارت آئے ہیں ،یہ وزٹ بھارت کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے ،انڈیا کے اندر ٹرمپ کی مخالفت بہت بڑھ گئی ،ہمارے تعلقات چین سے ہونے کی وجہ سے پوٹن کبھی یہاں نہیں آّئے ،رپورٹ کے مطابق امریکا افغانستان میں جو ہتھیار چھوڑ گیا وہ طالبان کے ہاتھ لگ گئے ، اب بھی امریکا افغانستان کوکس مقصد کیلئے پیسے دے رہا اس بارے ابھی تک پتا نہیں چلا ۔