سندھ کلچرل ڈے ،ریلیاں و تقریبات،کراچی میں جھڑپ ،پتھراؤ
سندھی ٹوپی ، اجرک پہنے نوجوانوں،خواتین،بچوں کی ریلیوں میں شرکت،گیتوں پر رقص قوم پرست ریلی کے شرکا نے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی ،گاڑیوں کونقصان ،کئی گرفتار
کراچی (سٹاف رپورٹر،آئی این پی)کراچی سمیت سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، رنگ ونسل، زبان ومذہب سے بالاتر عوام سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر ریلیوں اور تقریبات میں شریک ہوئے ۔کراچی میں شہر بھر سے ریلیاں نکالی گئیں،حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، بدین، کندھکوٹ، شکارپور، خیرپور، بدین، ٹھٹھہ سمیت ہر شہر اور قصبے میں بھی ریلیاں اور تقریبات منعقد کی گئیں۔ لوگ سندھی لوک گیتوں پر رقصاں اور مقررین اپنی تقاریر میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرتے رہے ۔دوسری جانب کراچی میں سندھی کلچر ڈے کی تقریبات کے دوران شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے مقام پر صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب قوم پرست جماعت کی ریلی کے شرکا نے رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی کو کالا پل سے صدر کی جانب جانے کیلئے کہا گیا، ریلی کے شرکاء نے مزاحمت کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔پتھراؤ کی وجہ سے پولیس کی گاڑیوں اور واٹر ٹینکر کے شیشے ٹوٹ گئے ۔پولیس کی جانب سے شرکا کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے شیلنگ کی گئی اور ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔کشیدگی کے باعث ایف ٹی سی کے اطراف ٹریفک بدترین جام کا شکار رہا اور شارع فیصل کو آمد و رفت کے لیے بند کرنا پڑا۔ ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق جن افراد نے شیشے توڑے وہ حراست میں ہیں،جبکہ شارع فیصل پر حراست میں لئے گئے ریلی کے چند شرکا کو رہا کردیا گیا ہے ۔