انڈونیشیا کے صدر کی پاکستان آمد، شراکت داری مضبوط ہوگی : وزیراعظم

انڈونیشیا کے صدر کی پاکستان آمد، شراکت داری مضبوط ہوگی : وزیراعظم

صدرپرابووو سوبیانتو کو لڑاکاطیاروں ،21توپوں کی سلامی،صدر اور وزیراعظم کا پرجوش مصافحہ امارات نے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا :شہبازشریف،گوادر اورگلگت کیلئے بجلی منصوبے منظور

 اسلام آباد(نامہ نگار ،خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر)انڈونیشیاکے صدر پرابووو سوبیانتو پاکستان کے2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، ان کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے 6 جے ایف 17 لڑاکا طیاروں نے انہیں فضائی سلامی پیش کی جبکہ نورخان ایئربیس پر انہیں 21توپوں کی سلامی دی گئی۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کااستقبال کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی استقبال کیلئے موجود تھے ۔ انڈونیشیاکے صدر طیارے سے باہر آئے تو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان سے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو کو پھول پیش کئے اورمعزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انڈونیشیا کے صدر کو وزیر اعظم شہباز شریف نے دورے کی دعوت دی تھی،ان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے ، انڈونیشیا سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کاکہناتھاکہ انڈونیشین صدر کے دورے سے شراکت داری مضبو ط ہوگی۔یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔ صدر پرابووو سوبیانتو وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اورعسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے ۔دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلہ خیال کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جانے کا بھی امکان ہے ۔ دوسری طرف وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور دوسرے شعبوں میں یو اے ای کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ۔

متحدہ عرب امارات کے قومی دن ‘‘عید الاتحاد’’ کے حوالے سے تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اماراتی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کیلئے باعث اعزاز ہے ،پاکستان کو یو اے ای کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری پر فخر ہے ،متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی ایم ایف پروگرام میں متحدہ عرب امارات کی سپورٹ انتہائی قیمتی رہی ہے ، اگر یہ سپورٹ نہ ہوتی تو آئی ایم ایف پروگرام ممکن نہ ہوتا۔ وزیراعظم نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی،انہوں نے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کے دوران کہا کہ گلگت میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے لائحہ عمل پر اجلاس میں جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی ،ان کا کہناتھاکہ قومی اہمیت کے اہم منصوبوں کی شفافیت کے ساتھ بر وقت تکمیل ہماری ترجیح ہے تاہم ترقیاتی منصوبوں میں اصلاحات کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اسٹیک ہولڈرز کی سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود کروں گا ۔ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر پیغا م میں شہباز شریف کا کہناتھاکہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات کو مزید موثر بنائیں گے ۔نوجوان ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم سے امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی اورپاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں