آئی ایم ایف : پاکستان کیلئے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کی قرض قسط منظور

آئی ایم ایف : پاکستان کیلئے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کی قرض قسط منظور

1 ارب 10کروڑ ڈالر کیساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے 20کروڑ ڈالر ملیں گے ایگزیکٹو بورڈ نے سٹاف لیول معاہدہ کا جائزہ لیا،رقم آج سٹیٹ بینک کو منتقل ہو جائے گی

لاہور(کامرس رپورٹر)انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف )نے پاکستا ن کیلئے قرض کی قسط کی منظوری دیدی ،پاکستان کو ایک ارب 30کروڑ ڈالر ملیں گے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا پاکستان سے متعلق واشنگٹن میں اجلاس ہوا جس میں پاکستان کیلئے تقریبا ایک اعشاریہ 3ارب ڈالرقسط کی منظوری دی گئی۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 1 ارب10کروڑ ڈالر ایکسٹنڈڈ فنڈز فیسلیٹی اور 20 کروڑ ڈالر ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبل فنڈز قرض پروگرام کے تحت منظور کئے، رقم آج سٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل ہو جائے گی، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سٹاف لیول معاہدہ کا جائزہ لیا گیا،پاکستان کو ای ایف ایف موجودہ قرض پروگرام کی تیسری قسط اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پاکستان کا آر ایس ایف فنڈ کی پہلی قسط منظور کی گئی، 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کی قسط میں سے 20 کروڑ ڈالر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں کیلئے ملیں گے۔

پاکستان نے 37 ماہ کا موجودہ قرض پروگرام ستمبر 2024 میں حاصل کیا تھا۔ ای ایف ایف پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط ستمبر 2024 میں ملی تھی ،پاکستان کو ای ایف ایف قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط مئی 2025 میں ملی تھی ،موسمیاتی تبدیلیوں کے پروگرام آر ایس ایف کے تحت پہلی قسط 20 کروڑ ڈالر کی ہے جبکہ یہ پروگرام بھی 2027 تک ای ایف ایف کیساتھ ساتھ چلے گا۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز ہوا ،بورڈ منظوری کے بعد اب آئی ایم ایف کی کنٹری رپورٹ جاری کی جائے گی جس میں تیسرے اقتصادی جائزہ کیلئے نئے سٹرکچرل بنچ مارک پر عملدرآمد کرنا ہو گا ۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اکتوبر کے دوران 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف کے دوسرے جائزے مذاکرات مکمل ہوئے تھے اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ کے پہلے جائزے پر سٹاف لیول ایگریمنٹ طے پایا تھا۔ دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 3اعشاریہ3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی کیونکہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو تقریبا 2 ارب ڈالر پہلے سے موصول ہو چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں