عملی طور پر یہاں انگریز کا نظام چل رہا ہے : حافظ نعیم

عملی طور پر یہاں انگریز کا نظام چل رہا ہے : حافظ نعیم

دینی درسگاہوں کے اساتذہ وطلبا اسلام کے جامع تصور کو عام کریں، امت کو جوڑیں دنیا پر مسلط مغرب کے سرمایہ دارانہ نظام سے ہر شعبہ تباہی کا شکار :خطاب، گفتگو

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وسائل پر قابض مراعات یافتہ طبقہ اور افسر شاہی ملک کو اب تک نوآبادیاتی طرز پر چلا رہے ہیں، دستوری اعتبار سے پاکستان اسلامی ملک ، عملی طور پر یہاں انگریز کا نظام چل رہا ہے ، مدارس کے معلمین ، علمائکرام و طلبا اسلام کے جامع تصور کو عام کریں ، امت کو جوڑنا ان کی پہلی  ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے دورہ کے موقع پر اساتذہ اور طلبا سے خطاب اورگفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر عطاالرحمن، جاوید قصوری، ضیاء الدین انصاری ، ڈاکٹر نوید احمد زبیری و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے مولانا فضل رحیم کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی جبکہ حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام دنیا پر مسلط ہے جس سے معیشت ، سیاست ، اخلاقیات سمیت ہر شعبہ تباہی کا شکار ہے ، اسلامی دنیا کو تقسیم کردیا گیا، امت گروہوں میں بٹ چکی ، اہل فلسطین پر سو سال سے زائد عرصہ سے ظلم ہورہا ہے ، کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جار ہے اور اس ساری صورتحال میں عالمی استعمار اور اس کے آلہ کار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے زائد ہے اور مغرب کے مسلط نظام کی وجہ سے اس آبادی میں اسی فیصد لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ ان حالات میں علما اور دینی مدارس کے طلبا وطالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کے ابدی پیغام کو عام کریں کہ پوری انسانیت کی فلاح کیلئے اسلامی نظام ہی بہترین نظام ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اللہ اور اس کے بندے کا تعلق قائم ہوجائے تو اسے کسی ادارے ، شخص کا خوف نہیں ہوتا اور وہ اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے ہی جدوجہد کرتا ہے ۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کو بدلنے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں