خاتون نے 15سال بعد ریسکیو کرنیوالے سے شادی کر لی
بیجنگ(نیٹ نیوز)چین میں ایک منفرد اور جذباتی محبت کی کہانی نے لوگوں کے دل جیت لیے ، جہاں ایک چینی خاتون نے اسی شخص سے شادی کر لی جس نے اسے 11 سال کی عمر میں تباہ کن زلزلے کے ملبے سے زندہ بچایا تھا۔
دلہن لیو ژیمئی اور دولہا لیانگ ژی بن کا رشتہ 2008 کے ہولناک وینچوان زلزلے سے جڑا ہوا ہے ، اُس وقت 22 سالہ فوجی اہلکار لیانگ کو ریسکیو آپریشن پر بھیجا گیا تھا، جہاں انہوں نے 11 سالہ لیو کو ایک تباہ شدہ عمارت کی دوسری منزل پر ملبے کے نیچے پایا تھا، لیانگ اور ان کی ٹیم نے اسے باہر نکالنے کے لیے چار گھنٹے تک مسلسل ملبہ ہٹا کر اسے زندہ بچا کر ہسپتال منتقل کیا تھا۔ اصل موڑ 2020 میں آیا جب لیو اپنی والدہ کے ساتھ چانگشا کے ایک ریسٹورنٹ میں موجود تھی، لیو کی والدہ نے اچانک لیانگ کو پہچان لیا، لیو نے ہمت کر کے ان سے بات کی اور یوں دوبارہ رابطہ ہو گیا لیو نے بالآخر اپنے جذبات کا اظہار کر دیا۔