بھارت سے زرعی درآمدات پرنیا ٹیرف لگائیں گے :ٹرمپ
بھارت کو امریکا میں چاول ڈمپ کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی:امریکی صدر پانی کی فراہمی کے تنازع پر امریکی صدر کی میکسیکو کو بھی نئے ٹیرف کی دھمکی
واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت سے زرعی درآمدات پرنیا ٹیرف لگائیں گے ۔انہوں نے وائٹ ہاؤس میں اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے پوچھا کہ بھارت کو امریکا میں چاول ڈمپ کرنے کی اجازت کیوں ہے ؟، ٹرمپ نے کہا کہ انہیں محصولات ادا کرنا ہوں گے ،کیا انہیں چاول پر چھوٹ ہے ؟،امریکی وزیر خزانہ نے جواب دیا ہم ابھی بھی بھارت کے تجارتی معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔
،ٹرمپ نے کہا بھارت کو امریکا میں چاول ڈمپ کرنیکی اجازت نہیں دی جائے گی،چاول کی درآمد سے مقامی کسان بری طرح متاثر ہو رہے ہیں،بھارت سے زرعی درآمدات خصوصا ًچاول پر سخت نیا ٹیرف عائد کیاجاسکتا ہے ۔واضح رہے گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری ہے ۔ٹرمپ نے میکسیکو کو بھی دھمکی دی ہے کہ اگر وہ 1944 میں دستخط کئے گئے دو طرفہ معاہدے کے تحت پانی فراہم نہیں کرتا تو وہ میکسیکن مصنوعات پر اضافی 5 فیصد ٹیرف عائد کر دیں گے ۔ علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ کمپیوٹر چپس بنانے والی امریکی کمپنی این ویڈیا کو اپنی جدید ایچ 200 چپ چین میں فروخت کرنے کی اجازت دیں گے ۔امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہم قومی سلامتی کا تحفظ کریں گے ۔یاد رہے این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ نے اس منظوری کیلئے بڑے پیمانے پر لابنگ کی تھی اور اس سلسلے میں گذشتہ ہفتے واشنگٹن کا دورہ بھی کیا تھا۔