سپہ سالار کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابلِ برداشت ، سپیکر پنجاب اسمبلی

سپہ سالار کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابلِ برداشت ، سپیکر پنجاب اسمبلی

پورا نظام کسی وجہ سے پیچھے دھکیلا جا رہا ،سپریم کورٹ میں گروہ بندی کے شواہد موجود ملک کے داخلی معاملات پر شدید شورش جنم لے رہی ہے ، ملک محمداحمد کی پریس کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے ملکی سیاسی حالات، عدالتی معاملات، پارلیمانی رویّوں اور 9مئی کے واقعات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید اضطراب اور داخلی دباؤ کا شکار ہے ۔ حکومت نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر تفصیلی جواب دیا ہے اور واضح دکھائی دیتا ہے کہ ملک کے داخلی معاملات پر شدید شورش جنم لے رہی ہے ۔ سپہ سالار کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابلِ برداشت ہے ۔پنجاب اسمبلی کی اولڈ بلڈنگ میں پریس کانفرنس کے دوران سپیکر نے کہا کہ پورا نظام کسی وجہ سے پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔

انہوں نے عدلیہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں گروہ بندی کے شواہد موجود رہے ہیں۔پانچ مخصوص ججز کے سامنے گزشتہ تین برسوں کے دوران ایک ہی نوعیت کے 31 مقدمات پیش کیے گئے ، چاہے وہ نواز شریف، حنیف عباسی یا حمزہ شہباز کے فیصلوں سے متعلق ہوں۔ پارلیمانی رویّوں پر بات کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ 2018 کے بعد سے یہ طے کردیا گیا کہ پارلیمان میں صرف شور شرابہ ہوگا، بجٹ سیشن سے لے کر عام قانون سازی تک کسی معاملے پر سنجیدہ گفتگو نہیں ہونے دی گئی۔ خیبر پختونخوا میں ہونے والے حالیہ جلسے کی زبان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وفاقی وزراء کو جلسے میں ‘کتا’ کہا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی ڈائیلاگ ختم کر دیا اور سی پیک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں