ناخوشگوار واقعہ روکنے کیلئے عمران سے ملاقاتیں بند:اختیارولی

 ناخوشگوار واقعہ روکنے کیلئے عمران سے ملاقاتیں بند:اختیارولی

بہنوں کوانڈین چینلزپرہرزہ سراسرائی کے بعدملاقات سے روکاگیا:کوآرڈینیٹروزیراعظم وزرا جلتی پر تیل ڈالتے ہیں :فیصل چودھری ،دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں بات چیت

لاہور (دنیا نیوز )وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی کی ملاقات اس لئے نہیں کرائی جا رہی کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آ جائے ، ملاقات کے بعد ان کی شرارتیں شروع ہو جاتی ہیں ، وہ بھی ایسی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ، کون سا آئین اور قانون ان کو اجازت دیتا جس قسم کی ان کے لیڈر ٹویٹ کرتے ہیں یا طرز  تکلم اختیار کرتے ہیں ، یہ ریاست پر حملہ آور ہوتے ہیں ، ان کی بہنوں کو اس وقت تک نہیں روکا گیا جب تک انہوں نے انڈین چینلز پر ہرزہ سرائی نہیں کی۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہو رہی تھیں ، بہنوں کی ملاقاتیں ہو رہی تھیں ، بشریٰ بی بی اگر سیاسی نہیں ہیں تو اسی جیل سے چھوٹنے کے بعد سیدھی وزیر اعلیٰ ہائوس کے پی کے کیوں گئیں ، ماضی میں بانی ہوں یا ان کی اہلیہ سب کی ملاقات کروائی جا رہی تھی ، معاملات انہوں نے خود خراب کیے اور شرارتیں شروع کر دیں ، مجبوراً ملاقاتوں کو روکا گیا ہے ۔ وکیل پی ٹی آئی فیصل چودھری نے کہا کہ حکومتی رویہ ایسا نہیں ہے کہ کوئی ملاقات بانی پی ٹی آئی سے ہو سکے گی ، بانی سے ملاقات نہ کروانا ایک بد قسمتی ہے ورنہ کوئی آئینی ، قانونی رکاوٹ موجود نہیں ہے ،بشریٰ بی بی کو عمران خان کی اہلیہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے ، جیل قانون میں انہیں ملاقات کی اجازت ہے ، حکومت ایسا رویہ اختیار کرتی ہے تو سیاسی بیان دینا پڑتا ہے ، ان کے وزرا کے بیانات انسانوں والے نہیں ہیں ، یہ معاملات الجھانا چاہتے ہیں حل نہیں کرنا چاہتے ، وہ تو جلتی پر تیل ڈالتے ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں