امریکا کی ریکوڈک منصوبے کیلئے سوا ارب ڈالر مالی معاونت کی منظوری:بلوچستان میں 7500ملازمتیں پیدا ہونگی :امریکی ناظم الامور

امریکا  کی  ریکوڈک  منصوبے  کیلئے  سوا   ارب   ڈالر   مالی  معاونت  کی  منظوری:بلوچستان  میں 7500ملازمتیں  پیدا   ہونگی :امریکی  ناظم  الامور

ایگزم بینک کے منصوبے کے تحت پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی جدید مشینری آئے گی جو منرلزاورمائننگ کی تلاش میں استعمال ہوگی، امریکا میں بھی 6 ہزار نوکریاں پیدا ہونگی منرلز ، مائننگ میں پاک ، امریکی کمپنیوں کے مزید معاہدوں کے منتظر ہیں، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، علاقائی،عالمی حالات پر گفتگو

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)ریکوڈک منصوبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ امریکا کے ایگزم بینک نے ریکوڈک منصوبے کے لیے فنانسنگ(مالی معاونت )کی منظوری دے دی ۔ایگزم بینک نے 1.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دی۔امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ ایگزم سرمایہ کاری سے ریکوڈک میں منرلز اور کریٹیکل مائنز کو سپورٹ ملے گی اور اسی منصوبے کے تحت پاکستان میں 2 ارب ڈالرز مالیت کی جدید مشینری آئے گی۔یہ مشینری منرلزاورمائننگ کی تلاش میں استعمال ہوگی۔ نیٹلی بیکر نے کہا منصوبے سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔اسی منصوبے سے بلوچستان میں 7500 جبکہ امریکا میں 6000 نوکریاں پیدا ہونگی۔ اس منصوبے سے امریکی سرمایہ کاروں اور پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔نیٹلی بیکر نے کہا منرلز اور مائننگ کے شعبے میں پاکستانی اور امریکی کمپنیوں کے مزید معاہدوں کے منتظر ہیں ۔ نئی مالی معاونت کے تحت امریکا-پاکستان شراکت داری بلوچستان میں معاشی ترقی کو آگے بڑھائے گی اور فنانسنگ سے ریکوڈک میں منرلز اور کریٹیکل مائننگ آپریشنز کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

دریں اثناء امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاک امریکا قریبی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران اہم علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اسحاق ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے امارات کے 54 ویں یوم عید الاتحاد پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا جو تمام شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اسحاق ڈار سے برطانیہ کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی بیرونس جینی چیپ مین نے بھی بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا ذکر کیا جو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کے طورپر کام کررہی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں