نیب کو لوگوں کی عزت نفس کاخیال رکھنا چاہئے :سلیم حیدر
بدعنوانی صرف قانونی مسئلہ نہیں،معاشرتی ، اخلاقی اورترقیاتی چیلنج بھی ہے سب کو مل کربدعنوانی کیخلاف جدوجہد کی ضرورت :گورنر،تقریب سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہمیں بلا تفریق اپنے حصہ کی شمع روشن کرنی ہے ،نیب کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ لوگوں کی عزت نفس کا بھی خیال رکھنا چاہئے ، خوشحال اور مستحکم پاکستان کے لئے تعلیم، صحت اورتوانائی سمیت مفاد عامہ کے منصوبوں پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے لاہور میں قومی احتساب بیورو کے زیر اہتمام انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی صرف قانونی مسئلہ ہی نہیں بلکہ یہ ایک معاشرتی ، اخلاقی اورترقیاتی چیلنج بھی ہے جو ہر سطح پر ہمیں متاثر کرتا ہے ۔ بدعنوانی کا اثر صرف اداروں یا وسائل تک محدود نہیں ،یہ عوام کے اعتماد کو کمزور کرتی ہے ، ترقی کی رفتار سست اور انصاف کے اصولوں کو بھی نقصان پہنچاتی ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سب کو مل کربدعنوانی کے خلاف بھرپورجدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ،نیب کی حالیہ کامیابیوں اور اصطلاحات ہمارے احتسابی نظام کی مضبوطی اور شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔