گڈزٹرانسپورٹرز کا آج سے ملک بھرمیں ہڑتال کا اعلان

گڈزٹرانسپورٹرز کا آج سے ملک بھرمیں ہڑتال کا اعلان

ہڑتال مطالبات کی منظوری تک رہے گی ،پیچھے نہیں ہٹیں گے ،صدر ٹرانسپورٹرز کسٹمز قوانین میں ترامیم معاشی قتل ،حکومت واپس لے ،گڈز ٹرانسپورٹ مالکان

کراچی(آئی این پی)گڈزٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے آج جمعرات سے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا اور کہا ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے کہا کہ بندش کے دوران تمام بندرگاہوں پر ٹرانسپورٹ آپریشنز، لوڈنگ اور ان لوڈنگ مکمل طور پر بند ہوں گے ۔ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے ، ٹرانسپورٹر سراپا احتجاج ہیں، حکومت کیا چاہتی ہے ہم اپنا کاروبارمکمل بند کردیں؟انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے  جائیں۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی ہڑتال کے باعث اشیائے خوردونوش کی ترسیل متاثر ہے اور کئی ٹرک اور کنٹینرز کھڑے کر دئیے گئے ہیں۔صدر گڈز ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل متاثر ہونے کی ذمہ داری حکومت پر ہے ۔لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق گجر نے بتایا کہ اجلاس میں مکمل اتفاق رائے کے بعد ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج سے پورے ملک میں لوڈنگ، ان لوڈنگ اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریشنز بند ہوں گے ۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شکیل قریشی نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے مذاکرات کے دوران مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پنجاب حکومت نے ٹویٹ کے ذریعے مذاکرات میں پیشرفت سے انکار کر دیا۔گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شکیل قریشی کا کہنا ہے پنجاب اسمبلی کی جانب سے ٹریفک قوانین اور جرمانوں کی نئی شرح قابلِ مذمت ہے اور یہ فیصلے ٹرانسپورٹروں پر غیر ضروری بوجھ ہیں۔انہوں نے کسٹمز قوانین میں کی جانے والی ترامیم کو ‘‘ٹرانسپورٹرز کے معاشی قتل’’ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے ظالمانہ قوانین فوراً واپس لے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں