بیرون ملک میڈیکل طلبہ سے پاکستانی روپے میں فیس وصولی کاحکم
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں میڈیکل میں داخلہ لینے والے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی طلبہ سے 10 ہزار امریکی ڈالر فیس وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس خالد اسحاق نے میڈیکل ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ سے فیس پاکستانی روپے میں وصول کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے وفاقی حکومت، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، وزارتِ خارجہ، حکومتِ پنجاب اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو نوٹس جاری کر دیے ۔درخواست گزاران کے وکیل ایڈووکیٹ ناصر جاوید گھمن نے موقف اختیار کیا کہ ریگولرائزیشن 2025 کے نفاذ سے قبل بیرونِ ملک مقیم پاکستانی طلبہ کو مقامی رہائشی طلبہ کے برابر سمجھا جاتا تھا۔ حکومتِ پنجاب نے 10 اکتوبر 2025 کو طلبہ سے 10 ہزار ڈالر فیس کا متنازعہ حکم جاری کیا جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بھی ایم بی بی ایس داخلوں پر یہ فیس برقرار رکھی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیس کے خلاف پی ایم ڈی سی کو دی گئی درخواستوں پر عدالتی حکم کے باوجود کوئی مناسب فیصلہ نہیں ہوا اور پی ایم ڈی سی نے تمام درخواستیں خارج کر دیں۔ یہ اقدام امتیازی سلوک اور طلبہ کے بنیادی حقِ تعلیم کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت 2015 سے 2024 تک بیرونِ ملک مقیم پاکستانی طلبہ سے مقامی طلبہ کے برابر فیس وصول کرنے کا حکم جاری کرے۔