آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی

پورے ملک میں اشیا خورو نوش کی کمی ، پنجاب میں مالٹے کے بیوپاریوں کو پریشانی گوجرانوالہ میں منی گڈزٹرانسپوٹرز کا ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا عندیہ

 کراچی، کوئٹہ ، گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )چوتھے روز بھی آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری رہی ، سامان کی ترسیل نہ ہوسکی ، لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا رہا ۔بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق چوتھے روز بھی آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری رہی ۔ہڑتال کی وجہ سے پورے ملک میں اشیا خورو نوش کی کمی کا سامنا ہے ،پنجاب میں زمینداروں کے مالٹے کا سیزن ہے،ان کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔  اسی طرح کراچی پورٹ پر لاکھوں گاڑیاں کھڑی ہیں ،حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر سنجیدگی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر ملک کی معیشت کو بڑا دھچکا لگے گا ،ہم مجبور ہوکر پورے ملک میں احتجاج کررہے ہیں۔ادھر گوجرانوالہ میں منی گڈزٹرانسپوٹرز نے نئے ٹریفک قوانین میں نرمی کا تحریری نوٹس جاری ہونے تک ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا عندیہ دیدیا۔ٹرانسپورٹرز اتحاد کی کال پر 8دسمبر کو پہیہ جام ہڑتال کی گئی تھی، جس کے بعد حکومت سے مذاکرات کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کر دی، تاہم منی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چوتھے روزبھی ہڑتال جاری ہے ، گڈز ٹرانسپورٹرز نے تمام مزدے اڈوں پر کھڑے کر دئیے جس کے بعد ایک شہر سے دوسرے شہر سامان کی ترسیل رک گئی اور ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے جب تک ٹریفک آر ڈیننس 2025میں نرمی نہیں کی جاتی احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں