بھارت افغانستان سے آپریٹ ہونیوالے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بے نقاب

  بھارت افغانستان سے آپریٹ ہونیوالے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بے نقاب

19اکاؤنٹس انڈیا، 28افغانستان سے آپریٹ کئے جارہے ،تفصیل عالمی میڈیا کو فراہم قوانین پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو برازیل ماڈل کے تحت کارروائی ہوگی ، طلال، بیرسٹر عقیل

 اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )پاکستان نے انٹرنیشنل میڈیا کوبریفنگ کے دوران بھارت اور افغانستان سے چلائے جانیوالے درجنوں سوشل میڈیا اکائونٹس بے نقاب کرتے ہوئے تفصیلات بھی فراہم کردیں جو ملک میں دہشتگردی کے فروغ میں استعمال ہو رہے ہیں ، حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر اپنے دفاتر پاکستان میں قائم کرنے اور ملکی قوانین پر عمل درآمد کا مطالبہ کر دیا ،وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل کی جانب سے غیر ملکی میڈیا کو بریفنگ دی گئی جس میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور اس پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی پالیسی کی وضاحت کی گئی ،حکومت پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اپنے دفاتر پاکستان میں بنائے جانے کا مطالبہ کر تے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے تعاون نہ کیا تو برازیل ماڈل کے تحت ایکس کی بندش اور جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث 19 اکاؤنٹس انڈیا اور 28 افغانستان سے آپریٹ کئے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایکس اور فیس بک کا دہشت گردی میں ملوث اکاؤنٹس کے خلاف رد عمل انتہائی کمزور ہے ،بیرسٹر عقیل نے کہاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا پاکستان کے حوالے سے دہرا معیار ہے ، فلسطین کے معاملے پر 24 گھنٹے میں ویڈیو ڈیلیٹ کردی جاتی ہیں ،ایکس کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث اکاؤنٹس کے آئی پی ایڈریس تک نہیں د ئیے جاتے اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ہمارے ساتھ تعاون نہ کیا تو برازیل ماڈل کے تحت ایکس کی بندش اور جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں