جاز نے 239ملین ڈالر میں 190میگا ہرٹزاسپیکٹرم حاصل کر لیا

جاز نے 239ملین ڈالر میں 190میگا ہرٹزاسپیکٹرم حاصل کر لیا

اسلام آباد (بزنس ڈیسک)جاز ورلڈ کا کہنا ہیں کہ اس نے پاکستان کی اسپیکٹرم نیلامی میں مزید 190 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کر لیا ہے جس کی مجموعی مالیت 239.375 ملین ڈالر ہے ۔

اس اقدام سے ملک کے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے کمپنی کے طویل مدتی عزم کو مزید تقویت ملتی ہے ۔ پہلے کمپنی کے پاس 94.4 میگا ہرٹز اسپیکٹرم موجود تھا جو اب بڑھ کر 284.4 میگا ہرٹز ہو گیا ہے ۔ پاکستان جہاں فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز اور ڈیجیٹل ترقی کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہا ہے ، وہاں جاز نے چار اہم فریکوئنسی بینڈز میں سرمایہ کاری کر کے اپنے ملٹی بینڈ اسپیکٹرم پورٹ فولیو کو مزید مضبوط بنایا ہے ۔ اس میں 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں 50 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز بینڈ میں 70 میگا ہرٹز، اور 2300 میگا ہرٹز بینڈ میں 50 میگا ہرٹز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی نے 700 میگا ہرٹز بینڈ میں 20 میگا ہرٹز اسپیکٹرم بھی حاصل کیا ہے ۔اضافی اسپیکٹرم سے نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر بنانے اور ملک بھر میں فور جی کوریج کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اہم شہری اور کاروباری مراکز میں مرحلہ وار فائیو جی خدمات کے آغاز کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ تمام تنصیبات پی ٹی اے کے رول آؤٹ تقاضوں اور ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق انجام دی جائیں گی۔ جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایک تاریخی اسپیکٹرم نیلامی کا انعقاد کیا جو پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد کو مزید مضبوط بناتی ہے ۔ یہ اسپیکٹرم حصول جاز ورلڈ کے ڈیجیٹل وژن کو تقویت دیتا ہے کیونکہ ہم ایک مکمل سروس کمپنی کے طور پر ترقی کر رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں