کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ،ڈیجیٹل انویسٹمنٹ ایڈوائزر کو لائسنس جاری
کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ایل ایس ای ونچرز کو کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنی کا لائسنس جاری کر دیا ۔
اس منظوری کے بعد کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3ہو گئی جو مالی طور پر دباؤ کا شکار اداروں کی بحالی اور قرضوں کی تنظیمِ نو میں معاونت فراہم کریں گی۔ ایس ای سی پی کے مطابق کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنیاں ایسی کمپنیوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جو مالی مشکلات یا قرضوں کے بوجھ کے باعث اپنے کاروبار کو جاری رکھنے میں مشکلات کاسامنا کر رہی ہوں۔ یہ کمپنیاں قرضوں کی تنظیمِ نو، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور کاروباری ڈھانچے میں اصلاحات کے ذریعے متاثرہ اداروں کو دوبارہ فعال بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ ریگولیٹر نے اس مقصد کیلئے کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کا جامع فریم ورک بھی تشکیل دیا ہے جسکے تحت مالی بحران کا شکار یا دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار کمپنیوں کے قرضوں کی ری شیڈولنگ، تنظیمِ نو اور کاروباری بحالی کا واضح طریقہ کار فراہم کیا گیا۔ دوسری جانب ایس ای سی پی نے ویلتھ برج مینجمنٹ کو ڈیجیٹل انویسٹمنٹ ایڈوائزری کا لائسنس بھی جاری کر دیا ہے ۔