اسٹاک ایکسچینج ،مندی، 42 فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اتارچڑھاو کے ساتھ مندی رہی جس سے بینچ مارک 100 انڈیکس کی 1لاکھ 56ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔
مندی کے سبب 42.13فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 4ارب سے زائد ڈوب گئے ۔تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 2447پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 58ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی ، لیکن امریکا ایران کشیدگی سے دن بھر محتاط سرمایہ کار شیئرز فروخت کرتے رہے جس کے سبب ایک موقع پر 525پوائنٹس کی مندی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 318پوائنٹس کی کمی سے 155858 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 191پوائنٹس کی کمی سے 47851پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 237 پوائنٹس کی کمی سے 93385 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1350پوائنٹس کی کمی سے 223719پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 9.17فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 44کروڑ 18لاکھ 76ہزار 783 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 477 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 216 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 201 کمپنیوں میں کمی اور 60 میں استحکام رہا۔